عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//چیف سیکریٹری اتل ڈولو نے کاغذی فائلوں میں محفوظ ڈیٹاکو نہایت قیمتی قراردیتے ہوئے مستقبل کیلئے اس کے تحفظ پرزوردیا ہے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ مقررمدت میں عوامی معاملات سے متعلق تمام فائلوں کی سکیننگ کیلئے منصوبہ تیار کریں،تاکہ ای ۔ آفس پر منتقلی کے بعد سرکاری کام کاج میں کوئی رکاوٹ یابے ضابطگی نہ ہو۔انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی محکمہ پرزوردیا کہ وہ ای آفس استعمال کرنے والوں بقیہ ماندوں کوبغیر کسی تاخیر کے اس کے استعمال سے واقف کرائیں۔انہوں نے ان کی صلاحیت سازی کیلئے اقدام کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ دفتری کام کاج میں کوئی خلل نہ ہو اور عوام کوبروقت خدمات کودستیاب ہو۔ ہفتہ کو تحصیل سطح پر اِی۔ آفس 2.0 کی عمل آوری کاجائزہ لیتے ہوئے اتل ڈولو نے کہا کہ اس کا مقصد جموں و کشمیر کی تمام بنیادی اِنتظامی اِکائیوں میں بغیر کاغذ کے ایک مؤثر اور مربوط نظامِ حکمرانی قائم کرنا ہے۔ اِس منصوبے کا مقصد مرکزی خطے کے 207 تحصیلوں تک ڈیجیٹل گورننس کو وسعت دینا ہے۔اِس موقعہ پرسیکرٹری آئی ٹی ڈاکٹر پیوش سنگلا نے اس سسٹم کے بے شمار فوائد بیان کئے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ سسٹم نہ صرف ماحول دوست ہے بلکہ خدمات کی تیز تر فراہمی اور فوری فیصلہ سازی کو یقینی بناتا ہے۔ اِس طرح سسٹم میں جوابدہی اور شفافیت میں اِضافہ ہوگا۔سیکرٹری موصوف نے رول آؤٹ عمل کے بارے میں بتایا کہ اسے چار مراحل میں انجام دیا جا رہا ہے۔ یہ ِای میل اور وِی پی این کی سہولیات کو فعال کرنے کے لئے ایمپلائی ماسٹر ڈیٹا (اِی ایم ڈِی) کے جمع کرنے کے ساتھ شروع ہوا، یہ کام پہلے ہی مکمل ہو چکا ہے۔اِس کے بعد سرکاری ای میل آئی ڈیز بنانے، صارفین کو نظام میں شامل کرنے اور این آئی سی نیٹ/وِی پی این رَسائی قائم کرنے کا کام کیا گیا تاکہ ریموٹ کنکٹویٹی یقینی ہو سکے۔جائزہ کے دوران یہ بھی اِنکشاف ہوا کہ اس منصوبے میں قابلِ ذکر پیش رفت ہوئی ہے کیوں کہ 20,517 استعمال کرنے والوں کو اس سے واقف کرایاگیاہے جو ہدف کا 95.28 فیصد ہے جبکہ 3,804 دفاتر کوواقف کرایاجارہا ہے، جو 95.94 فیصد ہدف ہے۔ مجموعی طور پر 20,580 سرکاری اِی میل آئی ڈیز بنائی گئی ہیں اور 11,375 وِی پی این کنکشن قائم کئے گئے ہیں۔میٹنگ میں مزید یہ بھی بتایا گیا کہ 20 اَضلاع اور سول سیکرٹریٹ میں ہیلپ ڈیسک قائم ہو چکے ہیں اور اَب تک 220 سے زائد تربیتی سیشن محکمہ جاتی سربراہان، ضلع ترقیاتی کمشنروں اور عملے کے لئے منعقد کئے گئے ہیںتاکہ ان کی صلاحیت میں اِضافہ ہو اور نچلی سطح کے ان انتظامی دفاتر میں نظام کی عمل آوری ہموار ہو۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ عمل آوری کی نگرانی کے لئے ایک کثیر سطحی ٹیم قائم کی گئی ہے جس میں یوٹی،صوبائی اور ضلعی سطح پر ٹیمیں موجود ہیں۔ ان ٹیموں کی ذمہ داریاں واضح طور پر متعین ہیں تاکہ ہم آہنگی، تکنیکی مدد اور صارفین کی شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ یوٹی سطح پر اس کی نگرانی سیکرٹری آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کریں گے جبکہ ضلعی سطح پر ضلع ترقیاتی کمشنران اس کی سربراہی کریں گے۔آئندہ لائحہ عمل میں صد فیصد کوریج حاصل کرنے پر توجہ دی گئی ہے جس کے لئے صارفین کی شمولیت کا عمل تیز کرنا، ایسے دفاتر کو وِی پی این سہولیت فراہم کرنا جن کے پاس این آئی سی نیٹ رسائی نہیںاور ضلعی سطح پر مخصوص اِی اسکلیشن پروٹوکول مرتب کرنا شامل ہے تاکہ جموں و کشمیر بھر میں اِی آفس کا نظام بلا تعطل جاری رہ سکے۔