زاہد بشیر
گول//تحصیلدار گول ہر جیت سنگھ نے ماہِ مقدس رمضان المبارک کے پیش نظر انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک جامع میٹنگ کی صدارت کی۔ اجلاس کا مقصد مختلف محکموں کے درمیان مؤثر تال میل کو یقینی بنانا تھا تاکہ مقدس مہینے کے دوران عوام کو سہولیات اور ضروری خدمات کی فراہمی میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔میٹنگ میں ایس ایچ او گول سمیر احمد، ٹی ایس او گول شام سنگھ، امام جامع مسجد گول، صدر بیوپار منڈل گول اور علاقے کے متعدد معزز شہریوں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران تحصیلدار نے اشیائے ضروریہ کی وافر مقدار میں دستیابی کو یقینی بنانے پر زور دیا، جن میں آٹا، چاول، گوشت، سبزیاں اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیاء شامل ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ بازاروں میں باقاعدہ معائنہ کیا جائے تاکہ ذخیرہ اندوزی، بلیک مارکیٹنگ اور من مانی قیمتوں کو روکا جا سکے۔ ٹی ایس او کو ہدایت دی گئی کہ راشن کی سپلائی کی کڑی نگرانی کریں اور ضروری اشیاء کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائیں۔ایس ایچ او گول کو ہدایت دی گئی کہ سحری اور افطار کے اوقات میں خصوصی سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور قصبے میں امن و امان برقرار رکھا جائے۔ مساجد اور بازاروں کے اطراف ٹریفک نظم و نسق اور صفائی ستھرائی پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی۔