سرینگر//تحریک حریت جموں وکشمیر کے نو منتخب عبوری چیئرمین محمد اشرف صحرائی کے فرزند جنید اشرف خان نے مبینہ طور پر جنگجو تنظیم حزب المجاہدین کی صفوں میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ 28 سالہ جنید جمعہ کو لاپتہ ہوا، اور ایک روز بعد یعنی ہفتہ کو اُس کی ایک تصویر سماجی رابطوں کی ویب گاہوں پر وائرل ہوئی جس میں اسے اے کے 47 رائفل تھامے دیکھا گیا۔ جنید کی وائرل ہونے والی تصویر پر لکھا ہے کہ اس نے کشمیر یونیورسٹی سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی ہے۔ تصویر پر تنظیم کا نام ’حزب المجاہدین‘، شمولیت اختیار کرنے کی تاریخ ’24 مارچ 2018‘ اور ولدیت ’محمد اشرف صحرائی‘، سکونت ’باغات برزلہ لکھا ہواہے۔ اسے ’عمار بھائی‘کوڈ نام دیا گیا ہے۔ ادھر ریاستی پولیس کے سربراہ نے محمد اشرف صحرائی سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بیٹھے کو گھر لوٹ آنے کی اپیل کریں۔