سوپور//سوپور میں گزشتہ رات کے دوران فورسز نے تحریک حریت ضلع صدربارہمولہ عبدالغنی بٹ کے گھر واقع محلہ بابا رضا سوپور میں گھس کر کے زبردست توڑ پھوڑ کی اور مکان کی ساری کھڑکیاں، دروازے، واڑروب ، شیشے وغیرہ کو چکنا چور کر دیاگیا۔ عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ مذکورہ صدر کے گھر کو تہس نہس کر دیاگیا یہاں تک کہ کچھ قیمتی اور ضروری اشیاء بھی فورسز نے اپنے ساتھ لئے جن میں ٹی وی، گیس سلنڈر، کپڑے اور برتن شامل ہیں ۔اسی طرح سے تحریک حریت کے دوسرے کارکن بشیر احمد ڈار کے گھر واقع نسیم باغ سوپور میں بھی فورسز نے گزشتہ رات کے دوران شدید توڑ پھوڑکی ۔مذکورہ کارکن کے بھائی نے بتایا ہے کہ فورسز نے گھر کی سارے کھڑکیاںاور دروازے چکنا چور کر دیئے اور گھر میں موجودہ کچھ قیمتی اور ضروری اشیاء ،جن میں کپڑے ، برتن ،گیس سلنڈر ، ٹی وی وغیرہ شامل ہیں،کو فورسز نے تہس نہس کر دیا اور کچھ چیزیں اپنے ساتھ بھی لے گئے۔فورسز کی اس کارروائی کے خلاف دونوں علاقوں کے لوگوں میں غم وغصہ کی لہر دوڑگئی اور فورسزکی اس حرکت کے خلاف شدیدبرہمی کا اظہار کیاگیا۔