سرینگر//تحریک حریت اور لبریشن فرنٹ (ح) مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کی۔ وفد کی قیادت تنظیم کے مرکزی رہنما عبدالحمید ماگرے کررہے تھے جبکہ وفد میں نثار احمد، سجاد احمد، فیاض احمد، محمد عمر و دیگر کارکنان بھی شامل تھے۔موصولہ بیان کے مطابق تحریک حریت چیئرمین سید علی گیلانی کی ہدایت پر وفد نے تمام زخمی افراد سے یکجہتی کا اظہار کیا اورسید علی گیلانی کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ بیان کے مطابق اس موقع پر عبدالحمید ماگرے نے فورسز کے مظالم کی شدید الفاظ میں نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو اپنے آپ کو جمہوری ملک ہونے کا دعویٰ نہیں کرنا چاہئے کیونکہ اس کی جمہوریت بے نقاب ہوچکی ہے۔ ادھر تحریک حریت ضلع سرینگر کا ایک اور وفد بارسو گاندربل گیا جہاں انہوں نے جاں بحق ہوئے نوجوان عمر فاوق کے لواحقین کے ساتھ تعزیت اور اظہار ہمدردی کیا۔وفد میں مدثر ندوی اور مصطفی سلطان شامل تھے۔دریں اثناء تحریک حریت نے بشیر احمد صوفی (بارہ مولہ) ، ہلال احمد پالہ(پٹن) اور عبدالسلام راتھر (ووسن پٹن) کو پی ایس اے کے تحت کوٹ بلوال جیل منتقل کرنے کی مذمت کی ہے۔ادھر لبریشن فرنٹ (ح)چیئر مین جاوید احمد میرنے صدر ہسپتال جا کر زخمی ہوئے نوجوانوں کی عیادت کی۔ ان کے ہمراہ ینگ مینزکے صدر امتیاز احمد ریشی بھی تھے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے ایک بار پھربائیکاٹ کے ذریعے بھارت کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کو اس ریفرنڈم کے ذریعے حق خود ارادیت کا ایک کھلا پیغام پہنچادیا۔