نئی دہلی// مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر میں سرگرم تحریک المجاہدین کو شدت پسند تنظیم قرار دیتے ہوئے اس پر پابندی عائد کر دی ہے ۔مرکزی وزارت داخلہ نے منگل کو ایک نوٹیفکیشن جاری کرکے تحریک المجاہدین کو ’’دہشت گرد‘‘ تنظیموں کی فہرست میں شامل کر دیا ہے ۔ اس میں کہا گیا ہے کہ تنظیم ’’دہشت گردانہ‘‘ سرگرمیوں میں ملوث ہے ۔ جموں و کشمیر پولیس کی طرف سے حال ہی میں درج بہت سے معاملات میں دہشت گردانہ واقعات میں اس کے اہم رول ہونے کی بات سامنے آئی ہے اور اس کے اراکین کو گرفتاربھی کیا گیا ہے ۔وزارت نے بتایا ہے کہ تنظیم ریاست میں گرینیڈ حملوں اور ہتھیار چھیننے کے واقعات اور حزب المجاہدین (ایچ ایم) اور لشکر طیبہ (ایل ای ٹی ) جیسی دیگر تنظیموں کو مالی امدادبھی فراہم کرتا رہا ہے ۔ لہذا، غیر قانونی سرگرمی (سراغ لگانا) ایکٹ، 1967 کی پہلی شق میں تحریک المجاہدین کا نام شامل کیا گیا ہے ۔