عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ وزیر اعظم کی حیثیت سے انہیں مختلف عوامی تقریبات کے دوران ملنے والے یادگاری تحائف کی ای نیلامی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، کیونکہ اس نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم دریائے گنگا کی بحالی سے متعلق نمامی گنگے مشن کو دی جائے گی۔ قومی گاندھی میوزیم آف ماڈرن آرٹ میں 1300 سے زیادہ انوکھے تحائف اور نوادرات بولی کے لیے رکھے گئے ہیں، جن میں ثقافتی نوادرات، کھیلوں کی یادگار اشیاء، دستکاری اور مذہبی فن پارے شامل ہیں۔ یہ ای نیلامی ملک اور بیرون ملک کے شہریوں کو نمامی گنگے منصوبے میں براہ راست حصہ ڈالنے کا موقع فراہم کرتی ہے ۔ وزیر اعظم نے بدھ کو سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا: “گزشتہ چند دنوں میں مختلف پروگراموں کے دوران مجھے ملنے والے تحائف کی آن لائن نیلامی جاری ہے ۔ اس نیلامی میں بہت دلچسپ اشیاء شامل ہیں جوہندوستان کی ثقافت اور تخلیقی صلاحیتوں کو ظاہر کرتی ہیں۔ اس نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم نمامی گنگے مشن کو دی جائے گی۔ نیلامی میں ضرور شریک ہوں۔” ثقافت کی وزارت نے میوزیم کے اشتراک سے اس ماہ کے آغاز میں وزیر اعظم کے یادگاری تحائف کی ای نیلامی کے ساتویں ایڈیشن کا باضابطہ آغاز کیا تھا، جس کا افتتاح مرکزی وزیر ثقافت و سیاحت گجیندر سنگھ شیخاوت نے کیا تھا۔ یہ نوادرات 2 اکتوبر تک سرکاری پورٹل پر بولی کے لیے دستیاب رہیں گے ۔ نیلامی میں شامل اشیاء ہندوستان کی متنوع ثقافتی و فنکارانہ وراثت کو پیش کرتی ہیں۔ ان میں جموں و کشمیر کی پشمینہ شال، گجرات کی تنجور پینٹنگ اور روغن آرٹ، قبائلی دستکاری، رسمی تحائف اور پیرس پیرا اولمپکس 2024 کے بعد ہندوستانی پیرا ایتھلیٹس کی جانب سے پیش کیے گئے کھیلوں کے یادگاری تحائف شامل ہیں۔ یہ تحائف نہ صرف ہندوستان کی متنوع فنکارانہ وراثت کو ظاہر کرتے ہیں بلکہ شہریوں کو نمامی گنگے مشن کے ثقافتی ورثے کے ایک حصے کو اپنے پاس محفوظ رکھنے کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔ عوام آن لائن بولی لگانے سے پہلے میوزیم میں یہ اشیاء دیکھ سکتے ہیں۔ یہ نمائش وزیر اعظم کی عوامی زندگی کے ساتھ ساتھ پورے ہندوستان کی روایتی دستکاری اور اعزاز کی علامتوں کو بھی اجاگر کرتی ہے ۔ میوزیم کے ایک افسر نے بتایا کہ بولی 2 اکتوبر کو ختم ہوگی، جو مہاتما گاندھی کی جینتی کا دن ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 2019 میں آغاز کے بعد سے اس ای نیلامی سے اب تک 50 کروڑ روپے سے زیادہ رقم جمع کی جا چکی ہے ۔