کئی علاقوں میں ہڑتال،انٹر نیٹ سروس منقطع
سوپور//تجر شریف سوپور جھڑپ میں جاں بحق ہوئے دونوں جنگجوئوں کی شناخت ہونے کے بعدمقامی جنگجو کے جلوسِ جنازہ میں لوگوں کی بھاری تعداد نے شرکت کی جبکہ سوپور کے کئی علاقوں میں تعزیتی ہڑتال اور موبائیل انٹرنیٹ سروس منقطع رہی جبکہ انتظامیہ کی ہدایت پر تعلیمی ادارے مقفل رہے ۔گزشتہ رات پولیس نے بتایا کہ تجرشریف سوپور معرکہ آرائی میں جاں بحق جنگجوئوں کی شناخت عبدالمجید میر عرف سمیر ساکن ہارون بومئی اورابو معاذ کے طور پر کی اور دونوں کو لشکر طیبہ سے وابستہ جتلایا۔ پولیس نے کہا کہ ابو معاذ پہلے ہندوارہ اور بعد میں سوپور میں سرگرم تھا اور وہ لشکر کا سرکردہ کمانڈر تھا۔پولیس کے بقول یہ دونوں کئی شہری ہلاکتوں میں بھی ملوث تھے۔انکے خلاف 4ایف آئی آر درج تھے۔ادھر تجر شریف میں مقامی جنگجو کے جلوس ِ جنازہ میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی ۔جاں بحق مقامی جنگجو عبدالمجید میر ساکن ہارون کی آخری رسومات آبائی علاقہ میں انجام دی گئیں ،جس میںبھاری تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔جلوس جنازہ کے دوران آزادی حامی نعرے بلند کئے گئے ۔ جاں بحق جنگجو کی نماز جنازہ عید گاہ نائوپورہ میں ادا کی گئی،لوگوں کی شرکت کے نتیجے میں مہلوک جنگجو کی نمازجنازہ کئی مرتبہ ادا کی گئی ۔اس دوران سوپورکے بیشتر علاقوں میں ہڑتال بھی رہی۔یہاں دکانات ،تجارتی مراکز اور کاروباری ادارے بند رہے جبکہ انتظامیہ کی ہدایت پر تعلیمی ادارے مقفل رہے ۔جن علاقوں میں ہڑتال رہی ان میں زینہ گیر ،ہارون اور بومئی سوپور شامل ہے ۔سوپور میں امن وقانون کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے موبائیل انٹر نیٹ سروس منقطع کردی گئی ۔
حزب اور لشکر کا خراج عقیدت
نیوز ڈیسک
مظفرآباد//متحدہ جہاد کونسل چیئر مین سید صلاح الدین نے تجر شریف سوپور معرکہ آرائی میںجاں بحق جنگجوئوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کے خلاف اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیری قوم کے محسن ہیں۔وہ اپنا آج قوم کے مستقبل پر نچھاور کر رہے ہیں،ان کی قربانیوں کی قدر کرنا ،لاج رکھنا اور تحفظ کرنا قوم کی ملی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم قوم سے توقع رکھتے ہیں کہ مشتہر کئے گئے انتخابات کا بھر پور بائیکاٹ کرکے ملی بیداری اور شہداء کے ساتھ اپنی قلبی وابستگی کا اظہار کریں۔نوجوانوںکی قبریں پکار پکار کر کہہ رہی ہیں کہ مقدس خون کا سودا گر بننے کے بجائے اس کے تحفظ کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہ کیا جائے۔ادھر لشکر طیبہ سربراہ محمودشاہ نے تجر سوپور میں ابوعلی عبدالمجید میر عرف ابو علی ولد بشیر احمد میر ساکن نائوپورہ تجر سوپو ر اور انکے ساتھ ابو ثمامہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ دونوںنے فوج کے خلاف 15گھنٹے تک طویل جنگ لڑی جس میں دونوںجاں بحق ہوئے۔ اس دوران تین فوجی ہلاک اور 15زخمی ہوئے ۔انہوںنے کہاکہ لاکھوںبندوق اٹھانے کو تیار ہیں اگر کسی کو اب بھی یقین نہیں آتا تو وہ شہداء کے جنازوں میں شریک ہونے والے عوام کے جذبات کا اندازہ کرلے ۔وہ اپنی جانوں پر کھیل کر والہانہ عقیدت رکھتے ہوئے ان کے جنازوں میں شریک ہوتے ہیں۔