سوپور // تجر شریف سوپور میں کل اُس وقت افرتفری اور خوف ودہشت کی لہر دوڑ گئی جب وہاں ایک خونخوار ریچھ نے 3خواتین سمیت4افرادپر حملہ کرکے انہیں بری طرح زخمی کردیا جن میں سے ایک خاتون کو سرینگر منتقل کیا گیا ہے۔عینی شاہدین کے مطابق تجر شریف سوپور کے رہنے والے مشتاق احمد ،پوشہ بیگم ، سکینہ بیگم اور زاہدہ بیگم باغ سے گزر رہے تھے کہ اچانک اُن کے سامنے ایک ریچھ نمودار ہوا جس نے اُن پر حملہ کر دیا ۔چیخ وپکار سن کر لوگوں کی ایک بڑی تعداد وہاں پہنچی تاہم ریچھ انہیں کو زخمی کر کے فرار ہو گیا ۔مقامی لوگوں نے چاروں زخمیوں کو سب ضلع ہسپتال سوپور پہنچایا جہاں سے زاہدہ بیگم نامی خاتون کو شدید زخمی حالت میں سرینگر کے صدر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اُس کا علاج ومعالجہ جاری ہے ۔ مقامی لوگوں نے واقعہ کے بارے محکمہ وائلڈ لائف کو مطلع کرتے ہوئے مانگ کی ہے کہ جنگلی جانوروں سے ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے فوری اقدام کئے جائیں۔