تجارتی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے سی سی آئی اور ایس جی سی سی آئی کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (KCCI) اور جنوبی گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (SGCCI) نے جمعہ 3 مئی 2024 کو KCCI دفتر سرینگر میں مفاہمت کی ایک یادداشت (MOU) پر دستخط کئے۔ اس مفاہمت نامے پر کے سی سی آئی اور ایس جی سی سی آئی کے عہدیداروں کی ایگزیکٹو میٹنگ میں کمشنر انڈسٹریز اینڈ کامرس وکرم جیت سنگھ، مہمان خصوصی کی موجودگی میں دستخط کیے گئے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس کشمیر محمود احمد شاہ بھی موجود تھے۔یادداشت پرکے سی سی آئی صدر جاوید احمد ٹینگا اور ایس جی سی سی آئی صدر رمیش وگھاسیا نے اپنے اپنے چیمبرز کی جانب سے دستخط کیے۔

 

ایم او یوتجارتی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی، تجارتی وفود کے تبادلے، تجارتی میلوں اورنمائشوں میں شرکت کے سلسلے میں باہمی تعاون فراہم کرتا ہے۔ دونوں چیمبر تجارت سے متعلق مؤثر مشاورت، تعاون اور معلومات کے تبادلے کو قائم کریں گے۔دونوں چیمبر مشترکہ طور پر اپنے اراکین کیلئے کانفرنسوں، میٹنگوں، سمیناروں، ورکشاپوںاور پریزنٹیشنز کا انعقاد کریں گے تاکہ تجارت کو مضبوط کیا جا سکے اور تجارت کے نئے مواقع تلاش کیے جا سکیں۔دونوں چیمبر باہمی طور پر بہترین ممکنہ انداز میں تعاون کریں گے تاکہ ضروری مداخلتوں اور ہم آہنگی کے ساتھ تجارت بڑھے اور پھلے پھول سکے۔ اسی طرح دونوں فریق اپنی اپنی ذمہ داریوں کو مستعدی اور پیشہ ورانہ انداز میں نبھائیں گے۔دونوں چیمبر معیشت، تجارت، اشاعت، تجارتی ضوابط، صنعت کاری، اقتصادی قانون سازی اور کاروباری طریقوں سے متعلق معلومات کا تبادلہ کریں گے۔دونوں چیمبر اپنے اراکین کی مختلف کاروباری تقریبات،بین الاقوامی کاروباری نمائشوں میں شرکت کے لیے حوصلہ افزائی کرنے کیلئے باہمی تعاون فراہم کریں گے۔