عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر کے لیبر کمشنر نے کل ایک سرکلر جاری کرتے ہوئے دکانوں اور تجارتی اداروں کے لیے لازمی “کلوز ڈے” کی سختی سے پیروی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونین ٹیریٹری (یو ٹی) کے بیشتر دکانوں اور تجارتی ادارے اس حکم کی پیروی نہیں کر رہے ہیں۔ لیبر کمشنر جموں و کشمیر کے دفتر سے جاری کردہ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ جے اینڈ کے شاپس اینڈ اسٹیبلشمنٹ ایکٹ 1966 کے سیکشن 13 کے تحت یو ٹی میں رجسٹرڈ ہر دکان یا تجارتی ادارہ ہفتے میں ایک دن مکمل طور پر بند رہے گا تاکہ “بند دن” کو یقینی بنایا جا سکے۔ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ محکمہ کو یہ معلوم ہوا ہے کہ زیادہ تر دکانیں یا تجارتی ادارے اپنے مقررہ “کلوز ڈے” پر بند نہیں کرتے، جو جے اینڈ کے شاپس اینڈ اسٹیبلشمنٹ ایکٹ 1966 کی دفعات کی خلاف ورزی ہے۔ سرکلر میں مزید کہا گیا ہے کہ ایکٹ کے سیکشن 13 کے تحت یہ غیر قانونی ہے کہ کوئی مالک اپنے ملازم کو “کلوز ڈے” کے دن کام کے لیے بلائے، جب دکان یا تجارتی ادارہ بند ہوتا ہے، اور اس دن کی تنخواہ سے کوئی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔ مزید کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر یو ٹی کے تمام اسسٹنٹ لیبر کمشنرز کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں ایکٹ کے سیکشن 13 کی سختی سے عملدرا?مد کو یقینی بنائیں اور اگر کوئی دکان یا ادارہ اس دفعہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔ یہ ہدایت ورکرز کی فلاح و بہبود کے مفاد میں جاری کی گئی ہے اور جموں و کشمیر شاپس اینڈ اسٹیبلشمنٹ ایکٹ 1966 کے تحت قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے ہے۔ اسسٹنٹ لیبر کمشنرز کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں دکانوں اور تجارتی اداروں کے کلوز ڈے کی پیروی کی نگرانی کے لیے ضروری اقدامات کریں اور ہر ماہ کی 3 تاریخ تک لیبر کمشنر کے دفتر کو ایکشن ٹیکن رپورٹ جمع کرائیں۔