ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ پر 3 بھاری پسیاں گر آئیں ،دیر شام ٹریفک کے لئے بحال
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //حالیہ تباہ کن بارشوں سے جہاں ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ، بھدرواہ ڈوڈہ و ٹھاٹھری ڈوڈہ شاہراہیں خستہ حال ہوچکی ہیں وہیں ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ سمیت ضلع کی اندرونی دیہات کی رابطہ سڑکوں کی حالت زار ہو گئی ہے۔اس دوران جمعرات کو ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ پر تین مقامات پر بھاری پسیاں گر آئیں جس کے نتیجے میں دن بھر ٹریفک معطل رہا۔ اطلاعات کے مطابق گذشتہ دنوں ہوئی طوفانی بارشوں و سیلاب سے ڈوڈہ، بھدرواہ ،ٹھاٹھری ،عسر و گندوہ بھلیسہ کی سڑکیں خستہ حال ہو چکی ہیں،جگہ جگہ پہاڑی کھسکنے، پسیاں گرنے و زمینیں دھنسنے کا سلسلہ شروع ہوا ہے اور سفر کرنا کسی خطرے سے خالی نہیں ہےاور جگہ جگہ پسیاں گر آئیں ہیں اور شاہراہ کے دونوں طرف ملبہ و پتھر جمع رہنے سے راستے بھی تنگ ہوئے ہیں. ادھر جمعرات کو ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ پر ملکپورہ ،دوندی و ہونڈا کے نزدیک بھاری پسیاں گر آئیں۔ملکپورہ کے مقام پر صبح ہی راستہ بحال کیا گیا تھا تاہم دوندی و ہونڈا کلومیٹر دو کے مقامات پر دن بھر بحالی کا کام جاری رہا اور لوگوں و باالخصوص مریضوں کو سفر کرنے میں دقت کا سامنا کرنا پڑااور شام 5 بجے کو بحال کیا گیا۔بارشوں و سیلاب سے ملکپورہ چلی سڑک کا بیشتر حصہ دھنس گیا اور متعدد مقامات پر پسیاں گر آئیں ہیں جس کے نتیجے میں اس سڑک پر ٹریفک معطل رہا۔ادھر گذشتہ ہفتہ بگلی نالہ میں بادل پھٹنے سے بگلی چنمپل سڑک کا ایک بڑا حصہ سیلابی ریلے میں بہہ گیا ہے جس کے نتیجے میں ایک ہفتہ سے اس سڑک پر ٹریفک معطل ہے اور اس علاقہ میں پانی و بجلی نظام کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے۔ایس ڈی ایم گندوہ ارون کمار بڈیال نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تباہ کن بارشوں سے جہاں 150کے قریب مکانات منہدم و غیر محفوظ بن گئے ہیں وہیں سڑکوں کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہا پہلے مرحلے کے تحت سڑکوں کو آمدورفت کے قابل بنایا گیا تھا لیکن تازہ پسیاں و پہاڑی کھسک آنے سے ایک بار پھر سے بیشتر سڑکوں پر ٹریفک معطل ہوا ہے۔انہوں نے کہا متعلقہ محکموں کو ہنگامی بنیادوں پر پانی، بجلی و سڑکوں کو بحال کرنے کی ہدایات دیں گئی ہیں۔