اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں گذشتہ چار روز تک ہوئی مسلسل بارشوں سے بھاری پیمانے پر تباہی مچی ہوئی ہے۔اس دوران جہاں سینکڑوں رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے وہیں درجنوں بستیاں محفوظ مقامات پر منتقل ہوئے ہیں جبکہ ہزاروں پیڑ پودے و درخت سیلاب میں بہہ گئے ہیں۔تباہ کن بارشوں سے سب ڈویژن گندوہ بھلیسہ کے تحصیل چلی پنگل کے گاؤں پولئی تلوگڑہ گگلہ مارکیٹ کی 4 رہائشی مکانات و 13 دوکانیں منہدم ہوئیں ہیں اور لاکھوں کی مالیت کا سامان تباہ ہوا ہے، وہیں بلاک چنگا، چلی، گندوہ جطوطہ، کاہرہ ،ٹھاٹھری و بھدرواہ میں بھی سینکڑوں رہائشی مکانات تباہ ہوئے ہیں اور ہزاروں گھروں کے آس پاس پسیاں و پتھر گرنے ،زمینیں دھنسنے و پہاڑی کھسکنے کی وجہ سے غیر محفوظ بن گئے ہیں۔اس دوران درجنوں ندی نالوں پر تعمیر کئے گئے پل سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں اور ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ، بھدرواہ ڈوڈہ ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ سمیت اندرونی دیہات کی رابطہ سڑکیں خستہ حال ہوئیں ہیں اور درجنوں مقامات پر پسیاں و پتھر گر آئے ہیں اور کئی جگہوں پر پہاڑی کھسک رہیں ہیں۔ مواصلات نظام ٹھپ رہنے سے نقصانات کے اعدادو شمار میں تاخیر ہو رہی ہے۔سب ڈویژنل مجسٹریٹ گندوہ ارون کمار بڈیال نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بھلیسہ سب ڈویژن ہزاروں کے قریب مکانات و دوکانات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ زرعی شعبہ، میوہ باغات، فصلیں بھی تباہ ہوئیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سب ڈویژن کی اہم شاہراہوں کو آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا ہے اور اندرونی دیہات کی سڑکیں بھی جلد بحال کی جائیں گی. ایس ڈی ایم نے مزید کہا کہ انتظامیہ عوام کو راحت پہنچانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے اور سبھی محکموں و مشینری کو متحرک کیا ہے۔