سرینگر//کشمیر تنازع کے حل کیلئے سنجیدہ کوششوں کی اپیل دہراتے ہوئے ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے کہاہے کہ متنازع خطے کے اندر خون خرابہ روکنے کیلئے ایسا کرنا از حد ضروری ہے۔ فریڈم پارٹی کے سیکریٹری جنرل مولانا محمد عبد اللہ طاری نے اپنے ایک بیان میں بھارت اور بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازع کشمیر حل کرنے کیلئے ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات کریں تاکہ انسانی جانوں کا زیاں روکا جاسکے۔شوپیان ضلع کی معصوم دوشیزہ سائمہ وانی، جو فورسز کی فائرنگ میں زخمی ہوگئی تھی، کی رحلت پر انتہائی صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مولانا طاری نے کہاکہ بھاری فوجی جمائو کشمیری عوام پر بہت بھاری پڑ رہا ہے۔ اس پر کشمیر کے سیاسی تنازع کو حل کرنے کی کوششوں کے فقدان کی وجہ سے یہاں ہورہی تباہی و ربربادی میں ہر گذرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شوپیان ضلع میں حالیہ شہری ہلاکتوں نے ہر انصاف پسند شخص کو رنجیدہ کر رکھا ہے لیکن عدلیہ نے اس کے باوجود اپنی فورسز کا دفاع کرتے ہوئے اُن کیخلاف ایف آئی آر پر روک لگادی جو قابل افسوس ہے۔مولانا طاری نے کہا کہ وہ فریڈم پارٹی کے محبوس سربراہ شبیر احمد شاہ کو بھی انصاف فراہم کرنے میں ناکام ہوئی ہے جو من گھڑت کیس کی بنیاد پر تہار جیل کے اندر ایام اسیری کاٹ رہے ہیں۔ہند پاک افواج کے مابین لائن آف کنٹرول اور بین الا قوامی سرحد پر جاری کشیدگی اور اس کے نتیجے میں ہورہے انسانی جانوں کے زیاں پر انتہائی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مولانا طاری نے کہا کہ دونوں نیوکلیائی ہمسایوں کے مابین کشیدگی کی واحد وجہ کشمیر ہے اور اس کی بدولت دونوں طرف کے قیمتی انسانی جانوں کا اتلاف ہورہا ہے اور اربوں روپے مالیت کا سرمایہ ضائع ہورہا ہے۔