سمت بھارگو
راجوری//پونچھ ضلع کے علاقائی دائرہ اختیار میں آنے والے متعدد مقامات پر تازہ پسیاں گرآنے کے بعد تاریخی مغل روڈ پر ٹریفک کی بحالی میں ایک یا دو دن کی تاخیر متوقع ہے۔قبل ازیں مغل روڈ پر گاڑیوں کی آمدورفت 10 اپریل کو بحال ہونے کی امید تھی جسے ضلع انتظامیہ پونچھ نے ٹارگٹ ڈیٹ کے طور پر بھی بتایا تھا۔بارڈر روڈز آرگنائزیشن، جس نے چند ماہ قبل اس سڑک کو اپنے قبضے میں لیا تھا، گزشتہ کئی دنوں سے برف ہٹانے کا کام کر رہی تھی اور پونچھ کی طرف سے پیر کی گلی تک کام بھی دو روز قبل مکمل کر لیا گیا تھا۔سب ڈویژنل مجسٹریٹ سرنکوٹ فاروق خان نے بتایا کہ چیزیں شیڈول کے مطابق چل رہی ہیں اور 10 اپریل کو سڑک کے بحال ہونے کے تمام امکانات تھے لیکن اس سڑک پر کچھ مٹی کے تودے گرنے سے سڑک کی بحالی میں کچھ تاخیر ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اگر موسم صاف رہتا ہے تو مغل روڈ اب 11 اپریل کو بحال ہونے کی امید ہے۔سب ڈویژنل مجسٹریٹ نے یہ بھی کہا کہ جمعرات کی صبح ضلع مجسٹریٹ کے ساتھ ساتھ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے ذریعہ سڑک کا معائنہ کیا جائے گا۔