عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو یوم آزادی کے موقع پر 98 منٹ کی اپنی طویل ترین تقریر کی ، جب انہوں نے تاریخی لال قلعہ کی فصیل سے خطاب کیا۔ 78ویں یوم آزادی کی تقریر ہندوستان کی تاریخ میں کسی بھی وزیر اعظم کی سب سے طویل تقریر تھی۔ جمعرات سے پہلے ان کی سب سے طویل یوم آزادی کی تقریر 2016 میں 96 منٹ کی تھی جب کہ ان کی سب سے چھوٹی تقریر 2017 میں تھی جب انہوں نے تقریباً 56 منٹ تک خطاب کیا۔مودی یوم آزادی پر ترنگا لہرانے اور تیسری مرتبہ طویل تقریر کرنے والے وزیر اعظم بھی بن گئے۔مودی نے 2014 میں اپنی پہلی یوم آزادی تقریر کی ،جو 65 منٹ تک جاری رہی۔2015 میں ان کی تقریر تقریباً 88 منٹ تک جاری رہی۔ یہ پی ایم کے طور پر مودی کا 11 واں خطاب تھا اور تیسری مدت کے لیے چارج سنبھالنے کے بعد ان کا پہلا خطاب تھا۔
2018 میں مودی نے لال قلعہ کی فصیل سے 83 منٹ تک خطاب کیا۔ اس کے بعد، 2019 میں، انہوں نے تقریباً 92 منٹ تک بات کی، جو ان کی اب تک کی دوسری سب سے طویل ترین تقریر تھی۔2020 میں مودی کا خطاب 90 منٹ تک جاری رہا۔2021میں ان کی تقریر 88 منٹ تک جاری رہی اور 2022 میں 74 منٹ تک تقریر کی۔پچھلے سال مودی کی تقریر 90 منٹ طویل تھی۔مودی سے پہلے 1947 میں جواہر لال نہرو اور 1997 میں آئی کے گجرال نے بالترتیب 72 اور 71 منٹ کی طویل ترین تقریریں کی تھیں۔نہرو اور اندرا نے بالترتیب 1954 اور 1966 میں 14 منٹ میں ریکارڈ پر مختصر ترین تقریریں کیں۔سابق وزرائے اعظم منموہن سنگھ اور اٹل بہاری واجپائی نے بھی لال قلعہ سے یوم آزادی کی مختصر ترین تقریریں کیں۔سنگھ کی 2012 اور 2013 میں تقریریں بالترتیب صرف 32 اور 35 منٹ تک جاری رہیں۔ 2002 اور 2003 میں واجپائی کی تقریریں 25 اور 30 منٹ میں بھی چھوٹی تھیں۔