عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کو کہا کہ کشتواڑ کے بادل پھٹنے کے مقام سے کسی بھی زندہ بچ جانے کی امید کم ہے اور ماہرین کی ایک ٹیم ان علاقوں کا پتہ لگانے کے لیے قائم کی جائے گی جہاں مستقبل میں اس طرح کے سانحات کے لیے سب سے زیادہ خطرہ ہے۔عبداللہ نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا، “کشتواڑ کی صورتحال آپ کے سامنے ہے۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ، 70 لاپتہ افراد کے زندہ بچ جانے کی امید ختم ہوتی جا رہی ہے، ہماری توجہ اب لاشوں کو نکالنے اور ان کے اہل خانہ کے حوالے کرنے پر مرکوز ہو گی تاکہ وہ آخری رسومات ادا کر سکیں،” ۔انہوں نے مزید کہا کہ “ہمیں جو بھی مدد فراہم کرنی ہے، ہم جتنا ممکن ہو سکے کریں گے، جب میں وہاں تھا تو انہوں نے کچھ چیزیں میرے سامنے رکھی تھیں، اور ہم اس پر غور کریں گے۔” انہوں نے کہا “ہمیں ان علاقوں کا پتہ لگانے کے لیے ماہرین کی ایک ٹیم بنانا ہو گی جو سب سے زیادہ خطرے میں ہیں۔ چند ماہ قبل ہم نے رام بن میں ایسا ہی ایک واقعہ دیکھا تھا، اس وقت ہمیں بہت زیادہ مادی نقصان ہوا تھا، لیکن جانی نقصان کم تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ “اس بار جانوں کا نقصان زیادہ ہے کیونکہ یاترا چل رہی تھی اور بادل پھٹ گئے، ہمیں ایک ماہرانہ نظریہ حاصل کرنا ہو گا کہ اس طرح کے واقعات کو کیسے روکا جائے اور اگر ایسا ہوتا ہے تو نقصانات کو کیسے کم کیا جائے”۔
نائب صدر کا انتخاب
ایک سوال کے جواب میں عبداللہ نے کہا کہ انڈیا بلاک کے امیدوار کو نائب صدر کے لیے آنے والا الیکشن جیتنا چاہیے۔وزیر اعلیٰ نے کہا “انتخاب ہوگا، ہمیں سمجھ نہیں آرہا کہ یہ انتخاب ہم پر کیوں مسلط کیا گیا؟ وی پی دھنکر اس طرح اچانک چلے گئے اور اس کے بعد سے وہ نظر نہیں آئے‘‘۔انہوں نے کہا”مجھے ان کے ساتھ بات چیت کرنے کا موقع ملا ہے اور میں ان کی اچھی صحت کے لیے دعا کروں گا، جہاں تک الیکشن کا تعلق ہے، انڈیا بلاک کے امیدوار کو جیتنا چاہیے،” ۔
تاریخ کے باب
تقسیم کے بارے میں این سی ای آر ٹی کے باب بدلنے کے تنازعہ پر، عبداللہ نے کہا کہ “تاریخ کے ساتھ چھیر چھاڑ” غلط ہے اور اس میں کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔وزیر اعلیٰ نے کہا”تاریخ کے ساتھ کھلواڑ کرنا، خاص طور پر سیاست دانوں کی طرف سے، غلط ہے، کل ، حکومت بدلے گی، آج یا پرسوںیہ بدل جائے گی، کوئی بھی حکومت ہمیشہ کے لیے نہیں ہوتی‘‘۔ انہوں نے مزید کہا’’ چلو فرض کریں کہ ایسی حکومت آئے گی جو بی جے پی کی نہیں ہو گی اور وہ آر ایس ایس کے خلاف باب لکھنا شروع کر دے گی، پھر آپ کیا کریں گے؟” پھر، یہ باب ہٹا دیے جائیں گے اور نئے باب لکھے جائیں گے‘‘۔ انہوں نے کہا’’ جہاں تک ممکن ہو، اسے سیاست سے دور رکھا جائے، ہماری تاریخ جو بھی ہے، طلبا کو اسے سیکھنے دیں، اس کے بعد، بچوں کو فیصلہ کرنے دیں کہ کیا صحیح ہے اور کیا غلط،یہ حقیقت ہے کہ انگریزوں نے ہماری کشتی کو ڈبو دیا‘‘۔انہوں نے کہا”کیا ہندوستان کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کا مطالبہ نہیں تھا؟ ہاں، ایک مطالبہ تھا، حقائق کو سامنے رکھیں، لیکن آپ سیاست لانا چاہتے ہیں، یہ غلط ہے،” ۔
ریاستی درجہ بحالی
ریاست کی بحالی کے لیے دستخطی مہم کے بارے میں ان کی یوم آزادی کی تقریر پر اپوزیشن کی تنقید پر، وزیر اعلٰ نے کہا کہ اپوزیشن کا کام مخالفت کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ “وہ ریاست نہیں چاہتے، وہ نہیں چاہتے کہ ہم لوگوں کے درمیان جائیں، پہلے وہ پوچھ رہے تھے، ‘آپ کچھ کیوں نہیں کر رہے؟’ اب ہم لوگوں سے ملنا چاہتے ہیں، ہمارا کام(لوگوں کے لیے)کام کرنا ہے، ان کا کام مخالفت کرنا ہے۔”