یو این آئی
سرینگر//جموں وکشمیر وقف بورڈ کی چیئر پرسن درخشاں اندرابی نے اتوار کے روز کہاکہ تاریخی عید گاہ میں موسم ٹھیک رہنے کی صورت میں امسال عید نماز کا اہتمام ہوگا اور اس کے لئے وقف کی جانب سے صفائی ستھرائی کا کام بہت جلد شروع کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ عید گاہ میں وقف کی دو سو کنال اراضی پر قبضہ کیا گیا ہے جس کو بہت جلد قابضین سے چھڑایا جائے گا۔ان باتوں کا اظہار درخشاں اندرابی نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ عید گاہ میں لگ بھگ دو سو کنال اراضی پر قبضہ کیا گیا ہے۔ان کے مطابق غیر قانونی قبضے کو کیسے ہٹانا ہے اس کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ وقف اراضی پر رہائشی مکان اور کارخانے تعمیر کئے گئے ہیںاور وقف کی زمین ہڑپ کی گئی ہے۔امسال عید گاہ میں عید نماز ادا کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں وقف چیئرپرسن نے کہاکہ رواں سال انشاء اللہ عید گاہ میں نماز عید کا اہتمام ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ہماری پوری کوشش رہے گی کہ اس بار عید گاہ میں نماز عید ہو اور اس ضمن میں وقف کی جانب سے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
تاریخی عید گاہ سرینگر | امسال نماز عید کا اہتمام ہوگا: درخشاں اندرابی
