سری نگر// انتظامیہ نے کل پائین شہر میں سخت ترین پابندیاں نافذ کرکے نوہٹہ میں واقع تاریخی و مرکزی جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی۔ کشمیر کی تمام مذہبی جماعتوں نے اس جمعتہ المبارک (8 ستمبر) کو برما کے روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ یوم یکجہتی کے طور پر منانے اور برمی مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم انتظامیہ نے احتجاج کے دوران پرتشدد احتجاجی مظاہروں کے خدشے کے پیش نظر پائین شہر میں جمعہ کی صبح ہی سخت ترین پابندیاں نافذ کیں۔ نوہٹہ کے مقامی لوگوں نے بتایا کہ تاریخی جامع مسجد کے دروازوں کو جمعہ کی صبح ہی مقفل کردیا گیا تھا۔ مسجد انتظامیہ کمیٹی کے ایک عہدیدار نے بتایا ’ہم نے فجر کی نماز جامع مسجد کے اندر ہی ادا کی۔ لیکن فجر نماز ادا کرنے کے بعد فورسز نے جامع مسجد کو بند کردیا‘۔