لکھنو//اگر آپ تاج محل میں ممتاز محل کی قبر دیکھنا چاہتے ہیں تو آپ کو اس کے لئے اب 200وپے کا الگ سے ٹکٹ لینا ہوگا۔ پہلے تاج محل میں داخلے کا ٹکٹ لے کر ہی لوگ ممتاز محل کی قبر تک جاسکتے تھے اور اس کے لئے انہیں الگ سے کوئی ٹکٹ نہیں لینا پڑتا تھا۔ ساتھ ہی ساتھ تاج محل میں سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر کنٹرول کرنے کے لئے حکومت نے داخلہ ٹکٹ چالیس سے پچاس روپے کردیا ہے اور ممتا ز محل کی قبر کے پاس جانے کے لئے الگ سے ٹکٹ لینا ہوگا۔وزیر ثقافت ڈاکٹر مہیش چندر شرما نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ تاج محل دیکھنے کے لئے لوگوں کی تعداد مسلسل بڑھتی جارہی ہے۔ روزانہ تقریباَ چالیس سے پچاس ہزار سیاح آتے ہیں جب کہ چھٹی کے دنوں میں یہ تعداد ایک سے سوالاکھ تک ہوجاتی ہے۔ اس لئے بھیڑ پر کنٹرول کرنے کے لئے ہم نے یہ قدم اٹھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹکٹ کی رقم میں اضافہ کرنے کا مقصد پیسہ کمانا نہیں بلکہ بڑھتی ہوئی بھیڑ کو روکنا ہے۔کیونکہ ہمیں اسے مستقبل کے لئے بھی محفوظ رکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تاج محل دیکھنے کا دورانیہ بھی صرف تین گھنٹے کردیا گیا ہے کیوں کہ پہلے لوگ ٹکٹ لے کر دن بھر تاج محل کے اندر گھومتے رہتے تھے اس سے بھیڑ بڑھ جاتی تھی۔ ڈاکٹر شرما نے کہا کہ میٹرو ٹکٹ کی طرح تاج محل کے ٹکٹ ہوں گے جس میں اگر ا?پ کی مدت تین گھنٹے سے زیادہ ہوگئی تو گیٹ نہیں کھلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ماحولیاتی اور انجینئرنگ ریسر چ انسٹی ٹیوٹ نے گذشتہ دنوں اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ تاج محل کے بہتر تحفظ کے لئے بھیڑ کو کنٹرول کرنا ضرویری ہے۔ ہم نے اس رپورٹ کی بنیاد پر یہ فیصلہ کیا ہے تاہم بیرونی ملکوں کے سیاحوں کے لئے 1250روپے کا ہی ٹکٹ رہے گا۔انہوں نے کہا کہ جب کوئی سیاح بالخصوص غیر ملکی سیاح اور ان میں بھی خاص طورپر خاتون سیاح تاج محل دیکھنے آتی ہیں تو گائیڈ ‘ رکشے اور ٹمپو والے اور دکان والے ان کے پیچھے پڑ جاتے ہیں۔ اس رجحان کو ختم کرنے کے لئے ہم نے سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کیوں کہ یہ قومی شرم کا معاملہ ہے۔ کوئی مہمان ہمارے ملک ا?تا ہے تو لوگ اس کے ساتھ اس طرح پیش آتے ہیں تو اس سے ہندوستان کی بدنامی ہوتی ہے اس لئے تمام سیاحتی مقامات پر اس طرح کی صورت حال کو ختم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سیاحوں کے لئے خصوصی ٹوائلٹ کا نظم کیا گیا ہے اور داخلی دروازہ سے پہلے ایک سہولت مرکز ہے جہاں سیاح تاج محل کے بارے میں ویڈیو اور گائیڈ وغیرہ کی مدد سے معلومات حاصل کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سیاحوں کو ہوائی اڈے‘ ریلوے اسٹیشن یا بس اڈے سے براہ راست اور محفوظ طورپر تاج محل تک پہونچانے کا نظم کیا جارہا ہے اور مہتاب بیگ سے چاندنی رات میں راج محل کو دیکھنے کا نظم کیا گیا ہے۔