سرینگر //وزیر تعمیرات نعیم اختر نے جموں و کشمیرکے تاجر طبقے کو ریاست میں تجارت انٹر پرنیور شپ اور سرمایہ کاری کیلئے موافق ماحول بنانے میں حکومت کی معاونت کرنے کی اپیل کی ہے ۔ کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نئے منتخب شدہ عہدیداران کے ایک وفد کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے نعیم اختر نے کہا کہ انجمن کے نئے منتخب شدہ عہدیداران کو ریاست میں تجارت اور اقتصادی سرگرمیوں کی بہتری اور توسیع پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں گذشتہ کچھ برسوں سے تجارتی کساد بازاری پر قابو پانے کیلئے کے سی سی آئی کے قاعدین کو متحد ہو کر کام کرنا چاہئیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں کشمیر کی اقتصادیات کے اہم شعبوں کے فروغ میں گراوٹ واضح ہے اور ریاست میں اقتصادی سرگرمیوں اور روز گار کی فراہمی کو ہر سطح پر یقینی بنانے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔ انجمن کے نئے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ تاجر طبقے کے وسیع تر مفاد میں ریاست کے تمام متعلقین سے مل کر تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کا حل تلاش کر کے انجمن نے خوش کُن تازہ شروعات کی ہے ۔ انجمن کے وفد نے سرینگر میں ایوانِ تجارت کی تعمیر کرنے کیلئے وزیر برائے محکمہ تعمیراتِ عامہ سے تعاون طلب کیا جس کیلئے حکومت نے راجباغ کے نزدیک پہلے ہی زمین الاٹ کی ہے ۔ وفد انجمن کے صدر جاوید احمد تینگا ، نائب صدور نذیر احمد خان اور فیاض احمد پنجابی ، جنرل سیکرٹری بزالہ امین ، جنرل سیکرٹری مظفر ماجد اور خزانچی شیخ عمران پر مشتمل تھا ۔