سرینگر / / تجارتی انجمنوں اور سیول سوسائٹی کی جی ایس ٹی مخالف ریلی پر ریاستی پولیس نے دھاوابول کر اسمبلی گھیرائو کی اُن کی کوشش ناکام بنادی اورمتعدد لیڈران کی گرفتار ی عمل میں لا کر انہیں پولیس سٹیشن شہید گنج منتقل کیا ۔ اس دوران جموں وکشمیر کاڈی نیشنل کمیٹی کے کنونیر سراج احمد سراج نے 5جولائی یعنی آج مکمل کشمیر بند کاا علان کرتے ہوئے واضح کیا کہ سرکار نے جس طرح تاجروں کے ساتھ ہتک آمیز سلوک رکھ کرانہیں مجرموں کی طرح جیل میں ٹھونسا، اس پر تجاجر برادری کی طرف سے خاموشی اختیار کرنا نہ صرف بزدلی ہے بلکہ ازخود اپنے حقوق کو اپنے ہی پائو ںتلے روندنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج وادی تمام تجارتی مراکز اور ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گا۔ منگل کو ٹریڈیونین لیڈر،کارکن اورتاجرسیول سیکرٹریٹ کے باہری مین گیٹ تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے ۔اس موقعہ پر احتجاجی مظاہرین نے سرکاراورجی ایس ٹی مخالف نعرے بازی کرتے ہوئے سیکرٹریٹ احاطے میں واقع اسمبلی کمپلیکس تک جانے کی کوشش کی لیکن پولیس اہلکاروں نے جی ایس ٹی تنازعہ پر اسمبلی گھیرائوکی اس اعلانیہ کوشش کو ناکام بناتے ہوئے جلوس میں شامل معروف ٹریڈیونین لیڈروں بشمول شوکت چودھری ،ظہورترمبو،فیض بخشی ،سراج احمد،جان محمدکول ،فاروق احمدڈار،بشیراحمدراتھر،منظوربٹ،معظم بخشی ،مظفرخان،تصدق حسین لائوے ،حاجی نثار عابد علی جنرل سکریٹری کشمیر کوریر ایسوسیشن کے علاوہ دیگرساتھیوں سمیت حراست میں لے کرپولیس تھانہ شہیدگنج منتقل کردیا۔ احتجاج سے قبل ٹریڈروں وصنعت کاروںنے سیاہ جھنڈیاں لہراتے اورجی ایس ٹی مخالف نعرے بلندکئے ۔پولیس نے مجوزہ احتجاجی پروگرام کے پیش نظرکشمیراکنامک الائنس کے چیئرمین محمدیاسین خان کوصبح کے وقت گھرسے گرفتارکرکے پولیس تھانہ منتقل کیاجبکہ کشمیر چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹریزکے سابق سربراہ ڈاکٹر مبین شاہ اور شکیل قلندر کوخانہ نظربندرکھاگیا۔کشمیراکنامک الائنس کے ترجمان نے کہاکہ تاجربرادری کایہ فورم جی ایس ٹی کی مخالفت کرتارہے گاکیونکہ موجودہ ہیت میں یہ مرکزی قانون لاگوکرناریاستی مفادات اورخصوصی پوزیشن کی بیخ کنی کے مترادف ہوگا۔