عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// اپنی پارٹی کے صوبائی صدر محمد اشرف میر کہا ہے کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے واقعات کی وجہ سے وادی میں تجارت، بالخصوص سیاحت اور منسلک شعبوں سے وابستہ کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے۔ انہوں نے لیفٹنٹ گورنر اور وزیر اعلیٰ سے اپیل کی کہ وہ متاثرہ تاجروں کو کچھ حد تک راحت دلانے کیلئے اْن کی بینک قسطوں کی ادائیگی کو عارضی طور پر معطل کرائیں کیونکہ ان میں سے بیشتر تاجر فی الوقت قرضوں کی ادائیگی سے بھی قاصر ہیں۔محمد اشرف میر نے اپنے بیان میں کہا، ’’پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے اور اس کے بعد کے واقعات نے یہاں کاروبار کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ خاص طور پر سیاحت اور اس سے منسلک شعبہ متاثر ہوکر رہ گیا ہے۔ ان شعبوں سے وابستہ تاجروں کی حالت فی الوقت اس حد تک خراب ہوگئی ہے کہ وہ بینکوں کی قسطیں بھی ادا کرنے سے قاصر ہیں۔ ان تاجروں نے بینکوں سے قرضے لیکر اپنا کاروبار شروع کیا تھا۔ لیکن اب وہ بْرے حالات کا سامنا کررہے ہیں۔‘‘انہوں نے لیفٹننٹ گورنر اور وزیر اعلیٰ سے اپیل کرتے ہوئے کہا، ’’میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ مداخلت کریں اور متاثرہ لوگوں کے لیے قرض کی قسطوں کو عارضی طور پر موقوف کرائیں۔ یہ ضروری ہے کہ حکومت اس نازک وقت میں سامنے آکر متاثر تاجروں کی مدد کرے۔‘‘