عظمیٰ نیوز سروس
اسلام آباد//پاکستان میں موسلادھار بارش اور سیلاب کی وجہ سے تقریباً 72 افراد کی موت ہو گئی ہے اور 130 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کی وجہ سے پیش آئے حادثات میں چھ ہلاکتوں اور تین کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے ۔ اسب سے زیادہ اموات شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخوا میں ہوئی ہیں، جہاں 12 بچوں سمیت 28 افراد جان گنوا چکے ہیں اور 23 زخمی ہیں۔ افسران نے حساس علاقوں میں رہنے والے لوگوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے ۔ادھرطوفان دناس کی تائیوان میں تباہی سے 2 ہلاک اور 330 سے زائد زخمی ہو گئے ۔ تائیوان کے جنوبی علاقوں میں طوفان دناس نے ریکارڈ 220 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہواؤں اور شدید بارشوں نے تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور 330 سے زائد زخمی ہو گئے ۔ حکام کے مطابق طوفان کے باعث 5 لاکھ گھروں کی بجلی منقطع، اسکول بند اور 300 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ چین نے ساحلی علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے ، جہاں طوفان کے جلد پہنچنے کا امکان ہے ۔ادھرامریکی ریاست ٹیکساس شدید طوفانی بارشوں اور تباہ کن سیلاب کی لپیٹ میں ہے، جہاں مختلف حادثات کے نتیجے میں 28 بچوں سمیت کم از کم 82 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔سمر کیمپ سے لاپتہ لڑکیوں کی تلاش جاری ہے جبکہ مزید سیلاب کے خطرے کے پیش نظر رضاکار امدادی کارکنوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے ۔ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے بتایا کہ ریاست کے دیگر حصوں میں 41 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متاثرہ افراد سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ جمعہ کو متاثرہ علاقے کا دورہ کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ان کی انتظامیہ گورنر ایبٹ سے رابطے میں ہے ۔حکام نے ہفتے کو بتایا تھا کہ اچانک آنے والے طوفان کے بعد 850 سے زائد افراد کو بچایا گیا جن میں سے کچھ درختوں سے چمٹے ہوئے تھے ، اس طوفان نے علاقے میں تقریباً 38 سینٹی میٹر (15 انچ) بارش برسائی، جو سان انتونیو سے تقریباً 140 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ہے ۔