نیوز ڈیسک
جموں//لیفٹیننٹ گورنر موج سنہا نے جموں کے اکھنور کے گرکھل سرحدی گاؤں پنچایت میں ایک عوامی تقریب سے خطاب کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے گرکھل پنچایت کی سماجی و اقتصادی ترقی کو تیز کرنے میں ضلع انتظامیہ کی کوششوں کی تعریف کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا “گرکھل کی سرحدی گرام پنچایت باشندوں کی فعال شراکت کے ساتھ ترقی کا ایک سنہری باب لکھ رہی ہے اور اسے ایک ماڈل گاؤں میں تبدیل کر رہی ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جی کی رہنمائی میں، ہمارے گاؤں کی ترقی جلد ہی ملک کی ترقی کا اہم محرک بن جائیں گے۔انکاکہناتھا’’ملکی وسائل پر پہلا حق غریبوں کا ہے۔ اس سے پہلے حکومت کی طرف سے بے زمین لوگوں کو زمین فراہم کرنے کا کوئی انتظام نہیں تھا۔ ہم نے رجعت پسند اراضی قوانین کو ہٹا دیا ہے اور حکومت غریب بے زمینوں کو زمین اور وزیراعظم آواس یوجناکے تحت ایک گھر بھی فراہم کرے گی‘‘۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اعلان کیا کہ جلد ہی اس ضمن میںنوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔انکامزید کہناتھا’’یہ ہمارا پختہ عزم ہے کہ دیہی اور شہری جموںوکشمیرکے درمیان فرق کو ختم کیا جائے۔ ہم بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو تیز کر رہے ہیں، صحت اور تعلیم کے شعبوں کو مضبوط کر رہے ہیں اور اپنے نوجوانوں کے لیے روزگار کے پیداواری مواقع پیدا کر رہے ہیں۔ ہم عوام کی ضروریات کے مطابق منصوبے شروع کر رہے ہیں‘‘۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ دیہات میں سے کوئی بھی خاص طور پر سرحدی باشندوں کو بنیادی سہولیات، روزگار اور روزی روٹی کی تلاش میں شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی عہدیداروں نے پی آر آئی ممبران کی مشاورت سے گرکھل کے لیے 12.19 کروڑ روپے کے 32 ترقیاتی منصوبوں کا ایک جامع ترقیاتی منصوبہ تیار کیا ہے۔اس پنچایت میں ہر گھر کو وافر مقدار میں پانی فراہم کرنے کی سمت میں آج ایک بڑا قدم اٹھایا گیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ یہ بھی یقینی بنایا جا رہا ہے کہ گرکھل اور یوٹی کے دیگر سرحدی دیہات کے چھوٹے اور پسماندہ کسانوں کو ہولیسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پلان سے فائدہ پہنچے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے پی آر آئی ممبران اور عوام پر زور دیا کہ وہ گڑکھل پنچایت کو سوچھ اور منشیات سے پاک بنانے کے لیے ایک عوامی تحریک شروع کریں۔انہوں نے نوجوانوں کو ہنر مندی کی نشوونما اور خود روزگار کے لیے ترغیب دی، اور مزید خواتین کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ دیہی روزی روٹی مشن کی مدد سے کئی اور سیلف ہیلپ گروپس بنائیں۔ سرحدی چوکی، چناب ریور فرنٹ اور سرحدی سیاحت کے فروغ سے متعلق مطالبات پر توجہ دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے یقین دلایا کہ اس سلسلے میں مناسب اقدامات کیے جائیں گے۔اپنے دورے کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کیلئے تربیتی پروگرام اور دیگر مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے جل جیون مشن کے تحت واٹر سپلائی اسکیم گرکھل اور دیگر کاموں کی ریٹروفٹنگ کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔انہوں نے نوجوانوں سے بھی بات چیت کی اور پنچایت کے ابھرتے ہوئے صنعت کاروں اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو تمام ضروری تعاون اور مدد کا یقین دلایا۔