سرینگر//متحدہ مجلس علماء کے امیر میرواعظ عمر فارق نے وطن عزیر جموں کشمیر کی مجموعی معاشرتی صورتحال اور بڑھتی ہوئی مختلف نوعیت کی سماجی برائیوں کے فروغ پر گہری تشویش اور فکر مندی کا اظہار کرتے ہوئے سماجی اصلاح اور ایک بہتر دیندار اور فلاحی معاشرہ ک قیام کیلئے سماج کے ذی شعور افراد کو آگے کر اپنا مثبت کردار ادا کرنے پر زور دیا ہے۔ میلاد النبی ؐ اور سیرت رسول اکرم ؐ کے عظیم اور ہمہ جہت پیغام کو عام سے عام تر کرنے کی مہم کے سلسلے میں شہر خاص کی مغل مسجد رعناواری میں سیرتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ پیغمبر انقلاب حضرت محمد ؐ کی سیرت پاک ایک عملی اور دائمی سیرت ہے جس کی روشنی اور تناظر میں ہر دور میں بگڑے معاشرے کی اصلاح ممکن ہے۔ میرواعظ نے کہا کہ فرد اور افراد خانہ کی اصلاح کے ساتھ ہی جماعت اور معاشرہ کی اصلاح ممکن ہے ۔انہوں نے کہا دورِحاضر میں ہمارا موجودہ معاشرہ جن گوناگوں برائیوں اور خرابیوں کی آماجگاہ بن چکا ہے اور پورا معاشرہ جس بے اعتدالی اور بے راہ روی کا شکار ہوگیا ہے اس کی ہمہ جہت اصلاح کیلئے والدین ، اساتذہ ، علماء ، ائمہ ، واعظین اور سماج کے ہر ذی حس اور ہوش مند فرد کو آگے آنا ہوگا۔ میرواعظ نے کہا کہ ربیع اول جو پیغمبر آخروزماں ؐ کی ولادت باسعادت کا متبرک مہینا ہے ،ہمیں یہ موقعہ فراہم کر رہا ہے کہ ہم اصلاح احوال اور معاشرہ کی تطہیر کیلئے ایک نئے عزم اور حوصلے کے ساتھ اپنا بنیادی کردار ادا کرنے کا عہد کریں۔ میرواعظ نے قرآن کریم ، الحدیث مقدس اور اسوہ حسنہ کی روشنی میں حضور سر ور کائنات ؐ کی مبارک زندگی اور تعلمات کی متعدد پہلوئوں کو اجاگر کرتے ہوئے پیغمبر اسلام حضرت محمد ؐ کو زبردست خراج و عقیدت پیش کیا ۔اس سے قبل میرواعظ کا رعناواری پہنچنے پر مقامی لوگوں خاص طور پر علاقہ بھر کے نوجوانوں نے شاندار استقبال کیا۔