محمد بشارت
کوٹرنکہ //ضلع راجوری کے بلاک ڈیولپمنٹ آفسیر (بی ڈی او) بدھل اولڈ اے کوٹرنکہ کی کرسی گزشتہ 11 مہینوں سے خالی پڑی ہے، جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ دیہی ترقی کے دفتر کوٹرنکہ میں مقامی لوگوں نے بتایا کہ 15 مارچ 2024 سے بلاک میں مستقل بی ڈی او موجود نہیں ہے، اور بی ڈی او خواص کو اضافی چارج دیا گیا ہے۔محکمہ دیہی ترقی پنچایتی راج نے گزشتہ برس دسمبر میں آرڈر نمبر 483-JK (RD&PR) 2024 کے تحت جموں و کشمیر کے 56 بلاک ڈیولپمنٹ آفسیران کے تبادلے کئے تھے۔ اس آرڈر کے تحت، خلیل الرحمان کو کوٹرنکہ بلاک کے لئے تعینات کیا گیا تھا تاہم، آرڈر کے جاری ہونے کے 11 دن گزرنے کے باوجود خلیل الرحمان نے ابھی تک اپنی نئی پوسٹنگ پر جوائن نہیں کیا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ کوٹرنکہ بلاک میں 35 پنچایتیں ہیں، جبکہ خواص بلاک میں 15 پنچایتیں شامل ہیں۔ مستقل بی ڈی او نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو اپنے معمولی کاموں کے لئے 30 کلومیٹر کا سفر طے کر کے خواص جانا پڑ رہا ہے۔ اس سے نہ صرف ان کا وقت ضائع ہو رہا ہے بلکہ مالی بوجھ بھی بڑھ رہا ہے۔عوام کا کہنا ہے کہ وہ مختلف دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں، لیکن ان کے مسائل حل ہونے کا کوئی امکان نظر نہیں آ رہا۔ خاص طور پر غریب، مزدور پیشہ افراد اور نوجوان بے حد پریشان ہیں۔متاثرہ عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کوٹرنکہ بلاک کیلئے مستقل بی ڈی او کی فوری جوائننگ یقینی بنائی جائے تاکہ عوامی مسائل کا بروقت حل ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو عوام کی سہولت کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے چائیے تاکہ غریب اور مزدور طبقے کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔یہ معاملہ نہ صرف سرکاری مشینری کی سست روی کو ظاہر کرتا ہے بلکہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کے عزم پر بھی سوالیہ نشان اٹھاتا ہے۔