سرنکوٹ// سرنکوٹ کے صدر مقام کی وارڈ نمبر دس میں بلاک ڈیولپمنٹ افسر کے دفتر کے بالکل سامنے گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے یہاں کے مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق پچھلے کئی ہفتوں سے میونسپل کونسل کے صفائی کرمچاریوں کی جانب سے صفائی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے عفونت دور دور تک پھیلی ہوئی ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ گرمی ہو جانے کی وجہ سے اب ان گندگی کے ڈھیروں سے بدبو نکل رہی ہے جو انہیں سخت پریشان کئے جارہی ہے ۔نذیر حسین نامی مقامی شخص نے کہا کہ سرنکوٹ قصبہ ایک خوبصورت وادی ہے جہاں سرکار کی جانب سے بہترین سڑکیں بنائی جا رہی ہیں اور ہر طرح سے اس علاقہ کی ترقی کرنے کے دعوے ہورہے ہیںلیکن جب تک صفائی نہیںہوگی تب تک سب کچھ بیکار ہے ۔انہوں نے کہا افسوس کی بات ہے کہ میونسپل کونسل کی جانب سے اس علاقہ میں کئی کئی روز تک صفائی نہیں کی جاتی۔ انہوں نے کونسل کے اعلیٰ افسر سے اپیل کی کہ وہ اس محلہ میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے اقدام کریں۔ ایڈووکیٹ نقی علی رضوی نے بتایا کہ سرنکوٹ کے الگ الگ وارڈوں میں میونسپلٹی زمینی سطح پر بالکل کام نہیں کرتی جبکہ سرکاری کاغذات میں رقومات واگزار کی جاتی ہیں۔انہوں نے محکمہ یو اے ڈی پر غیر معیاری کام کرنے کاالزام لگاتے ہوے کہا کہ وارڈ نمبر 5 میں ایک ہی جگہ تین بار کام ہوا ہے۔انہوں نے کہا اگر کہیں کام بھی ہو رہے ہیں تو وہ بغیر ٹنڈرنگ کے۔انہوں نے کہا کہ میونسپلٹی کے آفیسر سے بات کی جائے تو وہ ادھر ادھر کی کرکے ٹال دیتے ہیں ۔انہوں نے بھی ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے ایپل کی کہ اس سلسلہ میں تحقیقات کی جائے۔