عظمیٰ نیوزسروس
کشتواڑ// بی ڈی اوروپیش شرما کی قیادت میں بلاک ڈیولپمنٹ آفس تریگام نے عالمی یوم ماحولیات کو منانے کے لیے ایک سلسلہ وار اثر انگیز سرگرمیوں کا انعقاد کیا۔اس دن کو سی ڈی بلاک تریگام کے مختلف اہم مقامات پر صفائی، پولی تھین مخالف اور شجرکاری مہم کے ذریعے منایا گیا۔اس اقدام میں دفتری عملے اور مقامی رہائشیوں کی پرجوش شرکت دیکھنے میں آئی، جس سے ماحولیاتی تحفظ اور پلاسٹک کے فضلے میں کمی کے لیے اجتماعی عزم کو تقویت ملی۔عالمی یوم ماحولیات 2025 کی تھیم اور بڑھتے ہوئے ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کی عجلت کو تسلیم کرتے ہوئے، بی ڈی او آفس نے واٹر پوائنٹ لاچل، واٹر باڈی پوائنٹ واسنوتی اور گلی گڑھ پارک کے قریب دو آبشاروں سمیت کئی اہم آبی ذخائر میں صفائی و ستھرائی کی وسیع مہم چلائی۔رضاکاروں نے گلی گڑھ کے امرت سروور سمیت ان آبی ذخائر کے اندر اور اس کے آس پاس سے پلاسٹک کا کچرا، گھاس، اور دیگر ملبے کو ہٹایا، جس نے مقامی قدرتی وسائل کی دیکھ بھال میں اہم کردار ادا کیا۔اس کے علاوہ گلی گڑھ پارک میں شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا، جہاں سبزہ کو بڑھانے کے لیے پودے لگائے گئے۔