ڈوڈہ//خوراک، شہری رسدات اورامور صارفین و قبائلی امور کے وزیر چوہدری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ حکومت نے ریاست میں این ایف ایس اے کی عمل آوری سے لے کر اب تک بی پی ایل کوٹا میں200 فیصد اضافہ کیا ہے۔وزیر موصوف نے ان باتوں کا اظہار رام بن، ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع کے راشن ڈیلروں کی ایک کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر موصوف نے بنیادی سطح پر محکمہ کے کام کاج کے بارے میں جانکاری حاصل کرنے کے لئے راشن ڈیلروں کے ساتھ بات چیت کی اور راشن کی دستیابی کے ساتھ ساتھ اُن کے مسائل کے بارے میں بھی جانکادی حاصل کی۔وزیر نے ریاست میں این ایف ایس اے کی عمل آوری کو تاریخی نوعیت کا قرار دیتے ہوئے کہا کہ این ایف ایس اے کی عمل آوری کے بعد راشن کا کوٹا7.5 لاکھ میٹرک ٹن سے بڑھا کر12 لاکھ میٹرک ٹن کیا ہے۔ اس کے علاوہ بی پی ایل کوٹہ کو بھی26 لاکھ سے بڑھا کر74 لاکھ میٹرک ٹن کیا گیا ہے۔بعد میں وزیر نے کشتواڑ کا دورہ کر کے وہاں عملائے جارہے بڑے پروجیکٹوں کا جائیزہ لیا۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے ضلع میں عملائے جارہے ترقیاتی پروجیکٹوں کا خاکہ پیش کیا۔وزیر موصوف نے اس موقعہ پر ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ تمام پروجیکٹوں کو معیاد بند مدت کے اندر مکمل کرنے کے لئے مزید تندہی اور لگن سے اپنے فرائض انجام دیں۔ انہوں نے ترقیاتی کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ رہایشی ماڈل سکول تعمیر کرنے کے لئے جگہ کی نشاندہی کریں اور کہا کہ اس مقصدکے لئے16 کروڑ روپے مہیا کرائے جائیں گے۔ذوالفقار علی نے مزید کہا کہ علاقہ میں10 ہزار بائیو ماس کوکنگ سٹوو فراہم کئے جائیں گے جن کے لئے1.27 کروڑ روپے جلد ہی واگذار کئے جائیں گے۔انہوں نے ترقیاتی کمشنر سے کہا کہ وہ شفاف طریقے پر قبائلی طبقہ کے لوگوں میں ان کی تقسیم کاری کو یقینی بنائیں۔انہوں نے مڑھواہ، دچھن اور پاڈر علاقوں میں لوگوں کے راشن کوٹہ میں50 فیصد اضافہ کرنے کا بھی یقین دلایا۔