مینڈھر//ممبراسمبلی مینڈھر جاوید احمد رانا نے بی پی ایل سروے میں تمام مستحق افراد کو شامل کرنے پر زو ر دیتے ہوئے کہاہے کہ اس عمل میں کسی بھی قسم کی غفلت کو برداشت نہیں کیاجائے گا۔اخبارات کے نام جاری ایک بیان میں رانا نے کہاکہ خطہ پیر پنچال کاشمارجموںو کشمیر کے پسماندہ ترین علاقوں میں ہوتا ہے اوراس علاقہ کے 80فیصد عوام غریبی کی سطح سے نیچے گزر بسر کررہے ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ یہاں کے پسماندہ عوام کی روزی ورٹی کا دارومدارذیادہ تر کھیتی باڑی پیشہ پر ہے اور حد متارکہ پر واقع اس علاقہ کی تعمیر و ترقی آج تک بہتر طریقہ سے نہیں ہو سکی ہے کیونکہ دہائیوں سے یہاں کے عوام نامسائد حالات کے شکار چلے آ رہے ہیں۔ان کاکہناہے کہ محکمہ دیہی ترقی کہ ذریعہ سرکار بی پی ایل کا سروے کروا رہی ہے جبکہ عام آدمی کو اس سروے کے بارے میں کوئی علم نہیں،انہوں نے محکمہ دیہی ترقی کے ذمہ داران پر زور دیاکہ پورے اسمبلی حلقہ کے اندر ہر ایک پنچایت میں گرام سبھا کا انعقاد کرکے اکثریتی عوام کی تائید سے بی پی ایل کی نئی فہرستیں مرتب کی جائیںتاکہ تمام غریب کنبوں کو بی پی ایل کے ذمرہ میں لایا جا سکے۔جاوید احمد رانا نے کہا کہ بیس سال قبل جو بی پی ایل کا سروے کروایا گیا تھا، اس میں بڑی تعداد میں مستحق افراد کو نظر انداز کر دیاگیا تھا جس کی وجہ سے غریب اور پسماندہ عوام سرکار کی جانب سے دی جانے والی مرعات سے مستفید نہ ہو سکی۔ جاوید احمد رانا نے کہا کہ غریبی کا نہ کوئی مذہب ہوتا ہے نہ ہی کوئی ذات و جماعت ہے اور نہ ہی غریب کا تعلق کسی چھوٹے یا بڑے قبیلے سے ہوتا ہے ۔ان کاکہناتھا کہ آج پورے ملک میں بیس کروڑ سے بھی زائد لوگ ہر روز شام کو بھوکے سوتے ہیں ان اعداد و شمار کی روشنی میں اگر دیکھا جائے تو ہمارا خطہ پیر پنجال بھی اسی زمرے میں آتا ہے۔جاوید احمد رانا نے محکمہ دیہی ترقی کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ پختہ و غیر پختہ مکان کو وجہ بنا کر کسی مستحق فرد کو نظر انداز نہ کیا جائے مکان پختہ ہونا اس بات کی دلیل نہیں ہو نی چاہیے کہ پختہ مکان مالکان غریب نہیں ہو سکتے ہیں۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ محکمہ دیہی ترقی کہ ذمہ داران سے رابطہ قائم کرکے تمام مستحق افراد کا بی پی ایل سروے میں اندراج کروائیں تاکہ غریب عوام کے لئے دی جانے والی تمام سرکاری مراعات کا صحیح اور درست استعمال ہو سکے اور کوئی بھی غریب آدمی نظر انداز نہ ہو سکے۔ جاوید احمد رانا نے کہا کہ سروے کے دوران کسی قسم کی غفلت کو برداشت نہیں کیا جا ئے گا جس کی وجہ سے غریب عوام کا استحصال ہو تا ہو۔