لاہورپاکستان مخالف بیان بازی پر پی سی بی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو لگا م ڈالنے کی تیاری مکمل کرلی ،پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ آئی سی سی اجلاس میں بھارت کو بھر پور جواب دیا جائے گا اور اسے پاکستان سے کرکٹ کھیلنے سے انکار کا مزا چکھائیں گے۔ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا انہوں نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ کرکٹ نہ کھیلنے کے حوالے سے بیان ابھی پڑھا نہیں ہے تاہم 11اکتوبر کو جنوبی افریقہ میں آئی سی سی کے اجلاس کے لئے چیئر مین شہر یار خان نے انہیں نامزد کیا ہے جہاں جانے سے قبل وہ چیئرمین سے ملاقات کریں گے اوربھارت کو اس اقدام کا بھر پور جواب دیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ باہمی سیریز کے لئے اپنی پالیسی پر قائم ہیں کہ شیڈول کے مطابق بھارت کو اب پہلے پاکستان کی میزبانی میں سیریز کھیلنا ہو گی اور جب تک ایسا نہیں ہو گا ہم بھارت کیساتھ باہمی سیریز نہیں کھیلیں گے ،پاکستان سپر لیگ کا فائنل میچ لاہور میں کروانے کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا اس حوالے سے میری وزیر اعلیٰ پنجاب سے بات ہو گئی ہے جس کیلئے انتظامی امور جاری ہیں جبکہ ہم نے سپر لیگ کنٹریکٹ کے لئے بنائے گئے فارم میں فائنل میچ لاہور میں کھیلنے کی شق رکھی ہے جسے بعض غیر ملکی کھلاڑیوں نے سائن بھی کر دیا ہے، امید ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہو گا۔لاہور میں فائنل کھیلنے کیلئے حامی بھرنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کے نام ظاہر کرنے سے گریز کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ابھی سپر لیگ میں کافی ماہ باقی ہیں جب وقت آئے گا تو سب بتادیا جائے گا۔ چونکہ ہمارے دشمن بہت زیادہ ہیں اس لئے ہم ہربات ظاہرنہیں کرسکتے۔