یواین آئی
ممبئی/بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے پاکستانی کرکٹرز حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان کے خلاف ان کے میدان میں رویے کے حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں باضابطہ شکایت درج کرائی ہے۔ یہ معاملہ گزشتہ اتوار کو دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے سپر فور میچ سے متعلق ہے ۔ رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی نے بدھ کو ای میل کے ذریعے شکایت درج کرائی اور آئی سی سی کو موصول ہو گئی ہے ۔اگر فرحان اور رؤف الزامات کی تردید کرتے ہیں تو معاملہ آئی سی سی کی سماعت کا سامنا کر سکتا ہے ۔ انہیں میچ ریفری رچی رچرڈسن کے سامنے پیش ہونا پڑ سکتا ہے جو ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ ریفری ہیں جبکہ پہلے ریفری اینڈی پائکرافٹ ہیں۔ نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد فرحان کا جشن اور باؤنڈری پر فیلڈنگ کرتے ہوئے رؤف کا ہجوم کی طرف اشارہ یہ دو واقعات ہیں جن کے لیے بی سی سی آئی نے شکایت درج کرائی ہے ۔ اس دن سے سوشل میڈیا پر دونوں واقعات کا خوب چرچا ہے ۔ اتوار کے سپر فور میچ میں بھی کئی تناؤ کے لمحات دیکھنے میں آئے ۔ اس میں پاکستانی فاسٹ باؤلرز شاہین شاہ آفریدی اور رؤف اور ہندوستانی اوپنرز ابھیشیک شرما اور شبھمن گل کے درمیان جھگڑا بھی شامل ہے ۔