عظمیٰ نیوز سروس
جموں//سابق وزیر اور سرنکوٹ سے بی جے پی امیدوار مشتاق احمد شاہ بخاری بدھ کو جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع میں اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئے۔وہ 75 برس کے تھے اور پسماندگان میں اہلیہ، دو بیٹیاں اور ایک بیٹا چھوڑ گئے ہیں۔بی جے پی نے بتایا کہ بخاری کچھ وقت سے بیمار تھے اور صبح 7 بجے دل کا دورہ پڑا جس کے نتیجے میں ان کی موت ہوگئی۔بخاری، جو سرنکوٹ سے دو بار ایم ایل اے رہ چکے ہیں، اس سال فروری میں بی جے پی میں شامل ہوئے جب مرکز نے ان کی پہاڑی برادری کو درج فہرست قبائل کا درجہ دیا تھا۔انہیں سرنکوٹ سے میدان میں اتارا گیا تھا، جہاں 25 ستمبر کو دوسرے مرحلے میں 25 دیگر حلقوں کے ساتھ انتخابات ہوئے ۔بخاری نے فروری 2022 میں نیشنل کانفرنس کو چار دہائیوں کی طویل وابستگی کے بعد پارٹی صدر فاروق عبداللہ کے ساتھ شیڈول ٹرائب کی حیثیت پر بحث کے بعد چھوڑ دیا تھا۔بخاری علاقے کے معروف پہاڑی لیڈر تھے۔