نئے عہدیداروں سےیوٹی میں آگے سے قیادت کرنے پرزور
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//بھارتیہ جنتا پارٹی جموں و کشمیر نے جموں کے تریکوٹہ نگر میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں مورچہ صدور اور ضلعی صدور سمیت اپنے نو منتخب عہدیداروں کی میٹنگ کی۔میٹنگ کی صدارت بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اور پربھاری برائے جموں و کشمیر بی جے پی ترون چُگ نے کی، جن کے ساتھ ست شرما، صدر جموں و کشمیر بی جے پی، سنیل شرما، قائد حزب اختلاف، جموں و کشمیر اسمبلی، اشوک کول، جنرل سکریٹری بی جے پی بھی تھے۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ترون چُگ نے نئے عہدیداروں کو دلی مبارکباد پیش کی اور ان کی تقرریوں کو بروقت اور اہم قرار دیا۔انہوں نے کہا’’آپ میں سے ہر ایک وزیر اعظم نریندر مودی کے آتم نربھربھارت اور وکست بھارت کے وژن میں ایک اہم ستون کی نمائندگی کرتا ہے۔ نچلی سطح پر آپ کی قیادت تنظیم کے مستقبل کو تشکیل دے گی‘‘۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کا حصہ بننا نہ صرف فخر کی بات ہے بلکہ ایک ذمہ داری ہے جو اٹل عزم کا تقاضا کرتی ہے۔چُگ نے کہا “جموں و کشمیر صرف ایک اور خطہ نہیں ہے،یہ ہندوستان کی تزویراتی روح ہے۔ یہاں بی جے پی کی ترقی سیاسی اور قومی دونوں طرح کی ضرورت ہے‘‘۔انہوںنے تمام لیڈروں کو نظم و ضبط، لگن اور لوگوں کے ساتھ گہرے تعلق کے ساتھ کام کرنے پر زور دیا۔اپنے صدارتی خطاب میں ست شرما نے نو منتخب قائدین کو مبارکباد دی اور اس بات پر زور دیا کہ بی جے پی نظم و ضبط اور نظریہ سے جڑی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک متمرکز اور متحرک ٹیم تشکیل دی ہے جو پارٹی کی بنیادی اقدار کی عکاسی کرتی ہے۔ ہر رکن کو قوم اول کے نقطہ نظر سے کام کرنا چاہیے۔ شرما نے تمام ضلع اور مورچہ کے صدور کی طرف سے وسیع پیمانے پر پراواس (نچلی سطح پر دوروں) کی حوصلہ افزائی کی اور اسے “تنظیمی کامیابی کی کلید” قرار دیا۔اشوک کول نے تنظیمی ڈھانچے اور نئی ٹیم کی ذمہ داریوں کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے آنے والے قومی پروگراموں بالخصوص ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کے لیے پارٹی کیڈروں کو مکمل متحرک کرنے پر زور دیا، جسے انہوں نے ہندوستان کے فخر اور اتحاد کا جشن قرار دیا۔ کول نے اراکین کو تقسیم کے متاثرین کی یاد میں 14 اگست کو ’وبھاجن وبھیشیکا دیوس‘ منانے کی بھی یاد دلائی۔