نیوز ڈیسک
جموں//بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اورجموںوکشمیر پربھاری ترون چْگ، جموںوکشمیر صدر رویندر رینہ، جنرل سکریٹری (آرگنائزیشن) اشوک کول، سہ پرابھاری آشیش سود، جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ وبود گپتا اور جنرل سکریٹری ڈاکٹر دیویندر کمار منیال نے پارٹی ہیڈکوارٹر تریکوٹہ نگر جموں میں پارٹی کے سینئر عہدیداروں کی ایک میراتھن میٹنگ سے خطاب کیا۔میٹنگ میں پارٹی کے سینئر لیڈروں کے ذریعہ “بوتھ سشکتی کرن ابھیان” پر بات چیت کی گئی۔ترون چْگ نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے زمینی سطح پر مضبوط تنظیمی نیٹ ورک کی اہمیت پر زور دیا۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے کہا کہ وہ آنے والے انتخابات سے پہلے “بوتھ سشکتی کرن” کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے پارٹی قائدین سے کہا کہ وہ پولنگ بوتھ کی سطح پر پارٹی کو مضبوط کریں۔ انہوں نے پارٹی کے سینئر سے کہا کہ وہ ضلعی سطح، حلقہ بندی کی سطح اور بوتھ کی سطح پر مختلف ٹیمیں تشکیل دیں ۔رویندر رینہ نے پارٹی قائدین سے خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ پارٹی تبھی مضبوط ہوگی جب بوتھ پر تنظیم مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس “بوتھ سشکتی کرن ابھیان” کے دوران پارٹی کے رہنما خطہ کے ہر گھر میں جا کر اپنی بنیاد کو مضبوط کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس ابھیان کے تحت پارٹی قائدین سماج کے تمام ضرورت مندوں کے ساتھ ساتھ مستحقین تک پہنچیں گے اور تمام اسمبلی حلقوں میں بڑے جوائننگ پروگرام اور میگا ریلیاں منعقد کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کا ہر کارکن انتخابات کے لیے تیار ہے اور ہمیں انتخابات میں پارٹی کی تاریخی اور شاندار جیت کو یقینی بنانے کے لیے لگاتار کام کرنا چاہیے۔آشیش سود نے کہا کہ پوری تنظیم کو بوتھ سطح کے کارکنوں اور بوتھ میں موجود سرکردہ افراد تک پہنچنے کی پوری مشق میں شامل ہونا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی قائدین کو مودی سرکار کی طرف سے شروع کی گئی عوامی بہبود کی اسکیموں کے نفاذ کے بارے میں صحیح زمینی حقیقت کو جاننا چاہئے تاکہ مودی سرکار پر عوام کے مضبوط اعتماد کو یقینی بنایا جاسکے۔اس دوران سووالمبی بھارت ابھیان کی میٹنگ بھی منعقد ہوئی جس کی صدارت پارٹی صدر رویندر رینہ نے کی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ تحریک ہندوستانی شہریوں کو خود کفیل بنانے کے لیے بنائی گئی ہے۔انکاکہناتھا “اس مہم کا مقصد ہندوستان میں نوجوانوں میں کاروباری صلاحیت کے جذبے کو ابھارنا ہے تاکہ وہ پہلے سے ہی محدود روزگار کے مواقع پر انحصار کرنے کے بجائے اپنی آمدنی کا خود ذریعہ بنا سکیں ‘‘۔
بی جے پی کا ہر کارکن انتخابات کیلئے تیار | پارٹی بوتھ سشکتی کرن ابھیان شروع کرے گی: رویندر رینہ