جموں//بی جے پی نے قانون ساز کونسل کی نشستوںکیلئے وادی سے بھی ایک نشست پر الیکشن لڑنے کافیصلہ کیاہے جبکہ پونچھ ضلع کیلئے مختص سیٹ بھی پارٹی کے ہی حصے میں آئے گی ۔ادھر پی ڈی پی نے بھی دو ناموں کو ہری جھنڈی دیدی۔ذرائع نے بتایاکہ ضلع پونچھ کیلئے مخصوص سیٹ پر بھاجپا لیڈر پردیپ شرما کو ٹکٹ دی جائے گی جبکہ کشمیر سے دیش کمار نہرو کو میدان میں اتاراجائے گا۔ یہ فیصلہ بھی ہوچکاہے کہ پارٹی کے لیڈر چوہدری وکرم رندوا جموں کی سیٹ سے لڑیںگے ۔وکرم اس نشست پر الیکشن لڑیںگے جس پر ان کا حزب اختلاف کانگریس اور نیشنل کانفرنس سے سخت مقابلہ ہوگا۔یہاں کانگریس کا امیدوار کھڑا ہوگا۔جبکہ وادی کی ایک نشست سے نیشنل کانفرنس کا امیدوار میدان میں آئے گاجس کے لئے آغا محمود کا نام متوقع ہے۔پارٹی کے سینئر لیڈر و نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کشمیرعظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہاکہ تین ناموں کو شارٹ لسٹ کردیاگیاہے تاہم کچھ معمولی تبدیلی متوقع ہے ۔انہوںنے بتایاکہ اس سلسلے میں ناموں کی حتمی فہرست کا اعلان منگل کو کیاجائے گا۔قانون ساز کونسل کی کل چھ میںسے پی ڈی پی اور بی جے پی کو چار پر جیت کا یقین ہے ۔دونوں حکمران جماعتوں کو امید ہے کہ وہ مزید دو میںسے ایک نشست پر بھی کامیابی حاصل کرلیںگی ۔پونچھ سے تعلق رکھنے والے پردیپ شرما نے 2014میں بھاجپا ٹکٹ پر چنائو لڑاجبکہ دیش کمار نہرو پارٹی کے ضلع صدر بارہمولہ ہیں ۔ذرائع نے بتایاکہ پونچھ کی سیٹ حاصل کرنے کیلئے پی ڈی پی کوشاں تھی لیکن بی جے پی نے اس پر اتفا ق نہیں کیا اور بعد میں یہ فیصلہ ہواکہ پی ڈی پی کو ایک سیٹ جموں سے دی جائے گی ۔ذرائع نے بتایاکہ وادی سے ایک سیٹ حاصل کرنے کا مقصد بھاجپا کو اس خطے میں مضبوط بناناہے ۔اس وقت وادی سے بھاجپا کے صوفی یوسف اور سریندر امبردار کے طور پردو ایم ایل سی ہیں ۔پی ڈی پی نے اپنی تین نشستوں میںدو پر امیدواروں کی نامزدگی کردی ہے۔ عبدالقیوم ڈار اور یاسر ریشی کو پارٹی نے میدان میں اتارا ہے۔ڈار راجوری میں پارٹی کے ضلع صدر ہیں۔مجموعی طور پر کونسل کی چھ نشستوں پر انتخابات ہورہے ہیں جن میں تین پر بھاجپا اور تین پر پی ڈی پی کو چنائو لڑنا تھا۔لیکن پی ڈی پی نے صرف دو پر اپنے امیدواروں کی نامزدگی کردی ہے جن پر اسے جیتنے کی امید ہے۔بھاجپا آرام سے دو نشستیں جیت سکتی ہیں اور تیسری نشست پر بھی اسکے امکانات پیدا ہوسکتے ہیں۔