نئی دہلی// کانگریس نے بہار کے گورنر رام ناتھ کووند کو قومی جمہوری اتحاد کا صدارتی امیدوار بنانے کے بھارتیہ جنتا پارٹی کے فیصلے کو یکطرفہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن پارٹیاں 22 جون کو اس سلسلے میں فیصلہ لیں گی۔کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد نے نامہ نگاروں سے کہا کہ بی جے پی نے کانگریس صدر سونیا گاندھی اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو امیدوار کا نام طے کرنے کے بعد اس کی اطلاع دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بی جے پی کا یکطرفہ فیصلہ ہے ، اگرچہ وہ اس طرح کا فیصلہ کرنے کے لئے آزاد ہے ۔ آزاد نے کہا کہ سونیا گاندھی کی صدارت میں 22 جون کو اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کا اجلاس ہو گا جس میں صدارتی امیدوار کے نام پر فیصلہ کیا جائے گا۔