جموں//بھارتیہ جنتا پارٹی BJPکی ریاستی ایگزیکٹو باڈی کی میٹنگ امسال ڈوڈہ میں منعقد ہونے جا رہی ہے ، اس دوروزہ میٹنگ سے قبل پتنی ٹاپ میں یکروزہ کیمپ منعقد ہوگا جس میں اس میٹنگ کے خدو خال طے کئے جائیں گے۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ خطہ چناب میں پارٹی کے بڑھتے اثر رسوخ کو دیکھتے ہوئے یہ میٹنگ ڈوڈہ قصبہ میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ 21اپریل کو پتنی ٹاپ کے مقام پر ایک کیمپ منعقد ہوگا جس کے دوسرے ہی روز یعنی 22اور 23اپریل کو ڈوڈہ سٹی میں سٹیٹ ایگزیکٹو میٹنگ منعقد ہو گی۔ قابل ذکر ہے کہ خطہ چناب کی واحد پارلیمانی نشست کے علاہ 6میں سے 4نشستیں بھاجپا کے قبضہ میں ہیں۔ میٹنگ کی صدارت مقامی ممبر پارلیمان اور وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ کر یں گے جب کہ بیشتر وزراء، اراکین قانون سازیہ، ایگزیکٹو باڈی کے ممبران اور مقامی لیڈران کی بھاری تعداد کی اس میٹنگ میں شمولیت متوقع ہے ۔ اگر چہ اس میٹنگ کے لئے باقاعدہ کوئی ایجنڈہ جاری نہیں کیا گیا ہے تاہم ریاست کی مجموعی صورتحال، ایجنڈہ آف الائنس پر عمل آﺅری ، اقتدار میں اتحادی جماعت پی ڈی پی کے ساتھ تعلقات اس میٹنگ کے اہم مدعے ہوں گے۔وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے گزشتہ ہفتہ ممبران پارلیمنٹ کو موجودہ دور میں ہونے والی ترقیاتی سرگرمیوں کا سہرا اپنے سر لینے کی تلقین کے مطابق ایگزیکٹو میٹنگ میں مرکزی اور ریاستی سرکا ر کی حصولیابیوں کا بڑھ چڑھ کا تذکر ہ ہوگا اور چنہنی ناشری ٹنل نیز گنپت برج کی تعمیر کا مدعا چھایا رہے گا۔ یہ دونوں پروجیکٹ رواں سال کے دوران ہی مکمل کئے گئے ہیں اور اول الذکر کا افتتاح وزیر اعظم نے رواں ماہ کی 2تاریخ کو کیا تھا۔ اس کے علاوہ حکومت کی طرف سے چلائی جارہی متعدد اسکیموں ، نوٹ بندی اور جی ایس ٹی سے ہونے والے ممکنہ فوائد بھی گنوائے جائیں گے۔ میٹنگ میں مرکزی سرکار کی طرف سے متعارف کی جانے والی متعدد اسکیموں اور ان کی ریاست میں عمل آور ی پر بھی چرچا ہوگی۔ حال ہی میں ہونے والے ضمنی پارلیمانی انتخابات اور قانون ساز کونسل انتخابات میں پارٹی کی کارکردگی بھی موضوع بحث رہنے کا امکان ہے ۔بھونیشور میں منعقد ہونے والی قومی ایگزیکٹو میٹنگ میں لئے گئے فیصلوں اور ریاست کے حوالہ سے ہوئے اعلانات کے بارے میں ریاستی لیڈروں کو آگاہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ کابینہ میں مجوزہ پھیر بدل کے حوالہ سے بھی اس میٹنگ کا ڈوڈہ میں ہونا اہم مانا جا رہا ہے ، خطہ چناب سے پارٹی کے 4ممبرا ن اسمبلی ہیں اور یہ سب کے سب پہلی دفعہ چنے گئے ہیں، ان میں سے ایم ایل اے کشتواڑ سنیل شرما کو وزیر مملکت کا قلمدان دیا گیا ہے جب کہ خطہ چناب کے پارٹی کارکنان کابینہ میں مزید نمائندگی کا مطالبہ کر سکتے ہیں ۔ایگزیکٹو میٹنگ میں دیگر پارٹی امور کے علاوہ بی جے پی قومی صدر امت شاہ کے 29اپریل سے مجوزہ دو روزہ دورہ¿ ریاست کو بھی حتمی شکل دی جائے گی اور اس دوران پارٹی لیڈران کی طرف سے پیش کئے جانے والے ایجنڈہ نیز تجاویز پر اتفاق رائے بنایا جائے گا۔