نئی دہلی/یو این آئی/کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے ہفتہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اس نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران ہریانہ کی خوشحالی کو تباہ کر کے اسے برباد کردیا ہے۔ گاندھی نے ‘ایکس’ پر کہا’’ایک دہائی میں بی جے پی نے ہریانہ سے اس کی خوشحالی، اس کے خواب اور طاقت چھین لی۔ اگنیویر سے محب وطن نوجوانوں کی امنگوں کو چھین لیا، بے روزگاری سے خاندانوں کی ہنسی چھین لی اورمہنگائی سے خواتین کی خود انحصاری۔ کالے قانون لا کر کسانوں کے حقوق چھیننے کی کوشش کی تو نوٹ بندی اور غلط جی ایس ٹی سے لاکھوں چھوٹے تاجروں کا منافع چھین لیا‘‘۔انہوں نے کہا’’ اپنے ‘متروں’ کو فائدہ پہنچانے کے لیے ہریانہ کی عزت نفس تک کو چھین لیا۔ کانگریس کی آنے والی حکومت ‘درد کے دشک’ کا خاتمہ کرے گی۔ہر ہریانہ کے باشندوں کی امیدوں، امنگوں اور خوابوں کو پورا کرنا ہمارا عزم ہے‘‘۔