عظمیٰ نیوز سروس
کپوارہ//بی جے پی جموں و کشمیر کے ایک وفد نے پاکستان کی طرف سے حالیہ سرحد پار گولہ باری سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کرناہ اورٹنگڈار کا دورہ کیا۔موصولہ بیان کے مطابق وفد میں بی جے پی (جموں و کشمیر)کے صدر ست شرما، قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سنیل شرما،قومی سکریٹری ڈاکٹر نریندر سنگھ(ممبر اسمبلی)، جنرل سکریٹری ڈاکٹر ڈی کے منیال(ایم ایل اے)اور ترجمان آر ایس پٹھانیہ (ایم ایل اے)شامل تھے۔ ان کے ساتھ ضلع صدر کپوارہ رفیق شاہ، سینئر لیڈر انور خان اور پارٹی کے دیگر سینئر کارکنان بھی موجود تھے۔وفد نے مختلف متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا جن میں دھنی، ترنگی، چوکہ بل، تربونی، بٹ پورہ اورٹنگڈار سب ڈویژن کے دیگر قریبی دیہات شامل ہیں۔ بی جے پی لیڈروں نے مقامی باشندوں کے ساتھ بات چیت کی، خاص طور پر وہ لوگ جن کی املاک کو نقصان پہنچا ہے یا جن کی زندگی گولہ باری سے متاثر ہوئی ہے۔ست شرما نے مکینوں کو یقین دلایا کہ ان کی تمام شکایات کو مناسب طریقے سے نوٹ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا’’بی جے پی سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ ہم ایک جامع رپورٹ تیار کریں گے جو حکومت ہند کو پیش کی جائے گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ریلیف، معاوضہ اور طویل مدتی بحالی کے اقدامات کو جلد از جلد لاگو کیا جائے‘‘۔انہوں نے ان کمزور خطوں میں بہتر انفراسٹرکچر اور ایمرجنسی رسپانس سسٹم کی ضرورت پر مزید زور دیا۔سنیل شرما نے مقامی لوگوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ان کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا’’سرحدوں پر رہنے والے سچے محب وطن ہیں، ان کا حوصلہ اور اٹوٹ جذبہ مصیبت کے وقت قوم کا دفاع کرنے والے سپاہی سے کم نہیں ہے‘‘۔ڈاکٹر نریندر سنگھ نے خطے کے لیے پارٹی کی وابستگی پر زور دیتے ہوئے کہا’’یہ دورہ علامتی نہیں ہے۔ ہم یہاں سننے، ریکارڈ کرنے اور عمل کرنے کے لیے آئے ہیں۔ بی جے پی سرحدی برادریوں کی حفاظت اور ترقی کے لیے طویل مدتی حل تلاش کرنے کے لیے وقف ہے‘‘۔