مہسانہ// گجرات کے مھسانہ ضلع کے وسنگر کی ایک عدالت نے آج پاٹیدار ریزرویشن تحریک کمیٹی ( پاس) کے رہنما ہاردک پٹیل، سردار پٹیل گروپ کے صدر لال جی پٹیل اور ایک اور سمیت تین افراد کو تین سال پہلے وہاں ریزرویشن کی حمایت میں ایک ریلی کے دوران اس وقت کے بی جے پی ممبر اسمبلی رشی کیش پٹیل کے دفتر میں ہونے والی توڑپھوڑ کے معاملہ میں دو دو سال کے قید کی سزا سنائی۔ حالانکہ عدالت نے بعد میں تینوں کو ضمانت بھی دے دی۔ 23 جولائی 2015 کو ہونے والے اس واقعہ کے کل 17 نامزد مجرموں میں سے 14دیگر کو عدالت نے بری کر دیا۔ عدالت نے تینوں کو 50 – 50 ہزار روپے کے جرمانے کی بھی سزا سنائی اور اس رقم میں سے دس ہزار روپے شکایت کنندہ اور ایک نیوز چینل کے کیمرہ مین سریش ونول (جن پر بھیڑ نے حملہ کر کے کیمرے توڑ دیا تھا) کو دینے کے احکامات دیئے ۔ اس کے علاوہ اس رقم سے تقریب کے دوران آتش زنی میں جلی گاڑی کے مالک بابوجی ٹھاکور کو ایک لاکھ 40 ہزار روپے اس وقت کے ایم ایل اے مسٹر پٹیل کو بھی بطور معاوضہ دینے کا حکم دیا۔ واضح رہے کہ مذکورہ ریلی کے دوران ہجوم نے مسٹر پٹیل کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی تھی اور آگ زنی کرکے ایک گاڑی کو بھی جلا دیا تھا. عدالت نے تینوں کو صرف فساد کرنے یعنی رائٹنگ کی دفعہ کے تحت ہی مورد الزام ٹھہرایا ہے ، بہت سی دیگر دفعات میں بری کر دیا ہے ۔یو این آئی