جے پور// اکثر متنازعہ بیان دینے والے بی جے پی ایم ایل اے گیان دیو آہوجا نے ایک بار پھر متنازعہ بیان دیا ہے۔ الور ضلع کے بہروڑ میں گایوں کی اسمگلنگ کے الزام میں پیٹنے سے ہوئی پہلو خان کی موت کے معاملے میں آہوجا نے کہا کہ پہلو خان گئواسمگلر تھا، مجھے پہلو خان کی موت کا کوئی افسوس نہیں اور افسوس ہونا بھی نہیں چاہئے۔ ایسے گئو اسمگلروں، گنہگاروں کا ایسا ہی حشر ہوتا ہے اور ہوتا رہے گا۔ انہوں نے یہ باتیں پیر کو راجستھان اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔آہوجا نے سابق وزیر اعلی اشوک گہلوت پر بھی نشانہ سادھا اور انہیں گروگھنٹال تک کہہ دیا۔ کانگریس کی دھول پور میں شکست پر گہلوت کے بیان پر جوابی حملہ کرتے ہوئے آہوجا نے کہا، گہلوت کہہ رہے ہیں حد سے زیادہ خود اعتمادی کی وجہ سے ہارے، تو پائلٹ کو یہ بات پہلے کیوں نہیں بتائی۔غور طلب ہے کہ راجستھان اسمبلی میں پیر کو وقفہ صفر کے دوران بہروڑ میں گئورکشکوں کے پیٹنے سے ہوئی پہلو خان کی موت اور سیکر میں نابالغ بچی سے عصمت دری کے معاملے میں جم کر ہنگامہ ہوا تھا۔ وزیر داخلہ گلاب چند کٹاریا نے پہلو خان کو گئواسمگلر بتاتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت نے اس معاملے میں قانونی کارروائی کی ہے۔