عاصف بٹ
کشتواڑ// سینئر لیڈر و بی جے پی ضلع یوتھ صدر کشتواڑ راکی گوسوامی نے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دےکر بطور آزاد امیدوار الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا۔ دیررات سوشل میڈیا پر اپنا استعفیٰ پیش کرتے ہوئے یوتھ صدر نے بتایاکہ وہ پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دےرہے ہیں اور نئے بنائے گے پاڈر ناگسینی حلقہ سے کاغذات نامزدگی بطور آزاد امیدوار دائر کرینگے۔ کاغذات جمع کرانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں کشتواڑ کی سیٹ سب سے اہم سیٹ مانی جاتی ہے اور آج سے دس سال قبل جس کے بل بوتے پر جموں کشمیر میں پچیس نشستیں ملی تھی وہی آج اس نشست کو این سی کی جھولی میں ڈالا گیا اور خود سابق وزیر سنیل شرما پاڈر ناگسینی سے الیکشن لڑنے نکلے ۔انھوں نے سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ انہیں تنہا چھوڑا گیا، پارٹی و سنیل شرما نےانہیں دھوکہ دیا اور اب وہ انکے خلاف الیکشن لڑینگے۔
این سی زونل نائب صدرسینکڑوں بلاک صدور سمیت مستعفی | پیارے لال شرما اندروال سے آزاد امیدوار کے طور میدان میں
عاصف بٹ
کشتواڑ//پارٹی کی جانب سے حلقہ اندروال سے ٹکٹ نہ ملنےپرناراض نیشنل کانفرس کے زونل نائب صدر پیارے لال شرمانے اپنے سینکڑوں بلاک صدور کے ہمراہ پارٹی کی بنیادی رکنیت سے دیررات استعفیٰ دیا۔ دیررات اپنے گھر پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پیارے لال نے بتایا کہ پارٹی نے انکے و اندروال کی عوام کے جذبا کو مجروح کیا اورانکے ساتھ دھوکہ کیاگیا۔انکاکہناتھاکہ اگرچہ فاروق عبدللہ و عمر عبدللہ نے علاقے کی عوام کو یقین دلایاتھا کہ اس بار پارٹی مقامی امیدواروں کو ٹکٹ دے گی لیکن عین وقت پر میرا نام ہٹایا گیا اور الائنس کے امیدوار کو ٹکٹ دی گئی۔انکاکہناتھا ’’میں بطور پارٹی زونل نائب صدر و بنیادی رکنیت سے استعفیٰ پیش کررہا ہو اور بطور آزاد امیدروا چنائو لڑونگا‘‘۔منگل کوپرچہ نامزدگی دائر کرنے کے بعد میڈہا سے بات کرتے ہوئے انہوںنےکہا ’’میں صرف چہرہ ہو جبکہ الیکشن اندروال کے لوگ لڑرہے ہیں‘‘۔واضح رہے کہ دوروز قبل اندروال میں پیارے لال شرما و اسکے حامیوں نے ٹکٹ ملنے کو لیکر جشن بھی منایا تھا جس میں ہزاروں کی تعداد میں ورکران نے شرکت کی تھی۔
پی ڈی پی کی زونل کمیٹی قیادت بانہال مستعفی | پارٹی پر لیڈر بد لنے اور محنتی کارکنوں کو فراموش کرنیکا الزام
محمد تسکین
بانہال// بانہال میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی دیرینہ زونل کمیٹی کی قیادت نے پی ڈی پی سے استعفیٰ دے دیا ۔ مستعفی ہونے والوں میں زونل صدر پی ڈی پی فاروق احمد وانی ، بلاک صدر عبد المجید نائیک ، بشیر احمد زونل سیکریٹری ، بلاک سیکریٹری بانہال محمد اقبال وانی اور سینئرورکر محمد اسماعیل شامل ہیں۔ اس سلسلے میں منگل کے روز بانہال میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے زونل صدر پی ڈی پی بانہال فاروق احمد وانی نے کہا کہ وہ بڑے دکھ اور تکلیف کے ساتھ پی ڈی پی کو خیر باد کہنے پر مجبور ہوئے ہیں اور ہماری زونل کمیٹی پی ڈی پی کی بنیادی رکنیت اور اپنے عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا وہ پچھلے بیس سال سے پی ڈی پی سے ایمانداری اور دیانتداری سے جڑے تھے لیکن موجودہ پی ڈی پی میں اب ان کی کوئی جگہ نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے بہار احمد رونیال اور بشیر احمد رونیال جیسے بہترین اُمیدواروں کی بھرپور حمایت کی اور پارلیمانی انتخابات میں بھی بہت کام کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بشیر احمد رونیال پارٹی ورکروں کی عزت کرنا جانتے تھے اور پارٹی ورکروں کو اہمیت اور ترجیح دیتے تھے اور ان کے دور میں پی ڈی پی مضبوط اور منظم تھی لیکن آج کی پی ڈی پی لیڈروں کو بدلتی رہتی ہے اور کہنہ مشق اور زمین سے جڑے ورکروں کو فراموش کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کے موجودہ اسمبلی امیدوار امتیاز احمد شان کے اردگرد وہ لیڈر اور لوگ جمع ہیں جو پارٹیوں کو بدلتے رہے ہیں اور کئی پارٹیوں کو بدلنے کے بعد اب دوبارہ پی ڈی پی میں شامل ہوئے ہیں اور وہی لوگ امتیاز احمد شان کے صلاح کار بھی ہیں اور انہیں غلط مشورے دے دے کر انہیں بانہال سے الگ تھلگ کر گئے ہیں۔ سابقہ زونل صدر پی ڈی پی فاروق احمد وانی نے مزید کہا کہ پی ڈی پی امیدوار امتیاز شان نے کھڑی ، نیل ، پوگل اور گول میں کئی جلسے کئے اور امتیاز احمد شان کا نامزدگی فارم بھی بھرا گیا لیکن بانہال کی زونل اور بلاک کمیٹی کے کسی بھی عہدیدار کو نہیں بلایا گیا۔انہوںنے کہا کہ بانہال پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی زونل اور بلاک کمیٹی اپنے تمام ساتھیوں کے ہمراہ پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے رہی ہے۔