جموں//سابق وزیر و کانگرس کے سنیئر لیڈررمن بھلہ نے کہا ہے کہ پی ڈی پی ۔ بی جے پی کی مخلوط حکومت جموں کشمیر جیسی حساس ریاست میں علاقائی یکجہتی اور روایتی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو کمزور کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ ریاستی سرکار لوگو ں کو درپیش مسائل حل کرنے کے بجائے متضاد مسئلے اٹھا کر اپنی ناکامی پر پر دہ ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔ رمن بھلہ نے ان خیالات کا اظہار آج یہاںبھور کلیاں،بھور پنڈاور بھور کیمپ میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعہ پر امرت بالی بلاک صدر،سرپنچ او پی بھگت،کپور لال وارڈصدر بھورکیمپ،اجے کمار پنچ اور دیگران موجود تھے۔بھلہ نے کہا کہ پی ڈی پی،بی جے پی کے لیڈر کھوکھلے دعوئوں اور لمبے چوڑے بھاشنوں سے عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کررہے ہیںمگر ریاست کے عوام بخوبی جانتے ہیں کہ موجودہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ نہ تو اس وقت ریاست میں تعمیر و ترقی کا کوئی کام ہو رہا ہے اور نہ ہی عوام کو درپیش مسائل کو حل کر نے کے لئے کوئی قدم اٹھایا جارہا ہے۔