پریاگ راج//کانگریس کے ریاستی جنرل سکریٹری مکند تیواری نے کہا ہے کہ بی جے پی عام انتخابات میں اپنے وقار بچانے کے لیے اپوزیشن پارٹیوں پر پروپیگنڈا کرنے کاالزام لگا رہی ہے ۔مسٹر تیواری نے منگل کو یہاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں اپنی ہار یقینی سمجھ کر بی جے پی اپوزیشن پارٹیوں پر حکومت کے خلاف پرپیگنڈہ کرنے کا الزام لگا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے عوام کو سبز باغ دکھا کر اقتدار حاصل کر لیا ہے ۔ گذشتہ ساڑھے چار سال سے زیادہ کا وقفہ گذر چکا ہے اور ریاست میں ڈیڑھ سال سے زیادہ کا وقفہ بیت چکا ہے لیکن اس کے باوجود بھی بی جے پی اقتدار میں کوئی کام نہیں ہوا ہے ۔ بی جے پی عام انتخابات کو قریب آتا دیکھ کر اپوزیشن پارٹیوں کے خلاف طرح طرح کے الزامات لگا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کیے ہوتے تو آج انہیں اپوزیشن پارٹیوں پر اپنے خلاف پروپیگنڈے کا الزام نہیں لگانا پڑتا۔ بی جے پی اپنے گرتے گراف کو دیکھ کر حواس باختہ ہے اور ہر بات کا الزام اپوزیشن کو لگا رہی ہے ۔مسٹر تیواری نے کہا کہ لوک سبھا ابتخابات میں ریاست میں 73 سے زیادہ سیٹیں جیتنے کا دم بھرنے والی بی جے پی کو اس کے کیے کاموں کے حساب سے عوام جواب دے گی۔ بی جے پی نے عوام سے بدعنوانی ختم کرنے ، بے روزگاروںکو روزگار، مہنگائی پر قابو اور بیرون ممالک میں جمع کالا دھن ملک میں لانے کا وعدہ کیا تھا لیکن آج تک ایک بھی کام پورا نہیں کیا ہے ۔جنرل سکریٹری نے کہا کہ رافیل جنگی طیارہ خرید کا آرڈر ہندوستان ایئروناٹکل لمیٹیڈ(ایچ اے ایل) کو نہ دے کر مرکزی حکومت نے ریلائنس ڈیفینس کو کس اہلیت کی بنا پر آرڈر دیا۔ ایچ اے ایل کو گذشتہ 75 سالوں کا تجربہ ہے جبکہ ریلائنس ڈیفنس اس شعبے میں اک دم''کورا'' ہے ۔ اپنے قیام کا 75 سال پورا کرنے والے ایچ اے ایل کی تکنیک سے بنایا گیا ہیلی کاپٹر اور ہلکے جنگی طیارے تیجس نے ہوائی کرتب دکھایے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے سینئر لیڈر کہا کرتے تھے کہ ڈالر کے مقابلے میں روپئے میں گراوٹ سے ملک کے وقار پر اثر پڑتا ہے ۔ بی جے پی حکومت کو اب ملک کے وقار کی کوئی فکر نہیں ہے ۔ ڈیزل۔ پڑول ، رسوئی گیس کے قیمتوں میں روز بروز اضافے پر مسٹر راج ناتھ، ارون جیٹلی، ششما سوران اور مختار عباس نقوی وغیرہ نے شور مچا کر آسمان سر پر اٹھا لیا تھا آج ملک میں ڈیزل،پٹرول ،رسوئی گیس کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں ۔ تو اب شور مچانے والے کہا کھو گئے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ بی جے پی کے ریاستی میڈیا انچارج نوین سریواستو نے اتوار کو سرکٹ ہاوس میں صحافیوں سے کہا تھا کہ پارٹی کی عوامی فلاح و بہبود کی اسکیموں سے اپوزیشن کی پاٹیاں گھبرائی ہوئی ہیں۔