یو این آئی
جموں//بھارتیہ جنتاپارٹی کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینا نے اتوار کے روز کہاکہ بھاجپا الیکشن کے لئے پوری طرح سے تیار ہے۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں چناو کرانے کا فیصلہ الیکشن کمیشن کوکرنا ہے۔ان کے مطابق ارینا سیکٹر میں پاکستانی رینجرس کی جانب سے گولہ باری کی گئی جس کا بی ایس ایف نے منہ توڑ جواب دیا ہے۔ان باتوں کا اظہار رویندر رینا نے کٹھوعہ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ بھارتیہ جنتاپارٹی الیکشن کے لئے پوری طرح تیار ہے تاہم چناو کرانے کا فیصلہ الیکشن کمیشن کوکرنا ہے۔ان کے مطابق جموں وکشمیر میں تمام الیکشن کے لئے ہم نے پوری تیاری کی ہوئی ہیں۔رویندر رینا نے کہا کہ پچھلے تین برسوں کے دوران جموں وکشمیر میں امن و امان کی فضا واپس لوٹ آئی ہے ، دہشت گردی اور انتہا پسندی کا لگ بھگ خاتمہ ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا : ’’جموں وکشمیر میں جب بھی الیکشن ہونگے بی جے پی واحد بڑی پارٹی کے طورپر ابھر کر سامنے آئے گی۔‘‘ارینا سیکٹر میں سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں بھاجپا صدر نے کہاکہ پاکستان کو اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔انہوں نے کہاکہ بی ایس ایف نے پاکستان کی گولہ باری کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔بھاجپا کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر نے کہاکہ گزشتہ روز ہی سچیت گڑھ سیکٹر میں ہندوپاک افواج کے درمیان فلیگ میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران بی ایس ایف نے سخت احتجاج درج کیا۔انہوں نے کہاکہ اگر فلیگ میٹنگ کے بعد بھی پاکستان باز نہیں آیا تو اس کو سخت جواب دیا جائے گا۔