عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//سیوا پرو مہم کے سلسلے میں بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی میںگاندھیائی فلسفے پر ہفتہ وار لیکچر سیریز کا آغاز ہوا۔ یہ سلسلہ 24 سے 30 ستمبر 2025 تک جاری رہے گا اور نئے داخل شدہ طلباء کے انڈکشن پروگرام کا اہم حصہ ہے، جس کا مقصد طلبہ کو مہاتما گاندھی کی لازوال تعلیمات سے روشناس کرانا ہے۔پروگرام کا آغاز ڈاکٹر اے اے شاہ، ایسوسی ایٹ پروفیسر، اسکول آف بایوسائنسز اینڈ بایوٹیکنالوجی نے خوش آمدیدی کلمات سے کیا۔ افتتاحی نشست میں رجسٹرار بی ھی ایس بی یوابھیشیک شرما مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے اور انہوں نے گاندھیائی فلسفے پر کلیدی لیکچر دیا۔رجسٹرار نے طلباء سے کہا کہ وہ گاندھی جی کے ’تلسیم ‘سے رہنمائی حاصل کریں، خاص طور پر جب وہ کسی مشکل یا فیصلہ سازی کے لمحے میں ہوں۔ انہوں نے خود انحصاری اقتصادی آزادی، خود کفیل دیہات، عدم تشدد، سچائی، ایمانداری اور سماجی ہم آہنگی جیسے اصولوں پر زور دیا۔ رجسٹرار نے کہا کہ گاندھیائی فلسفہ صرف ماضی کی میراث نہیں بلکہ ہر بھارتی کے اجتماعی شعور اور اخلاقیات کی نمائندگی کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ’روزمرہ کی زندگی میں گاندھیائی اصولوں پر عمل کرنا بابائے قوم کیلئے سب سے بامعنی خراج تحسین ہوگا۔اس موقع پر فیکلٹی اور عملے کی تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے کی کوششوں کو سراہا گیا۔پروگرام کا اختتام ڈاکٹر شمس کمال انجم، ایسوسی ایٹ ڈین، اسکول آف سوشل سائنسز کی جانب سے شکریہ کے کلمات کے ساتھ ہوا۔ اس موقع پر سینئر فیکلٹی ممبران، جیسے ڈاکٹر ماریا اسلم، ڈاکٹر تنویر احمد اور تزئیم اختر کے علاوہ طلبہ اور یونیورسٹی عملہ بھی موجود تھے۔