سرینگر//وزیر اعلیٰ کی گریونس سیل کے کوارڈینیٹر تصدق حسین مفتی نے بھارت سنچار نگم لمٹیڈ کے خلاف عوام کی جانب سے درج کی گئی شکایات کا جائیزہ لینے کیلئے یہاں میٹنگ طلب کی ۔ وزیر اعلیٰ شکایتی سیل کے افسران اور قیصر احمد ملک کی قیادت میں بی ایس این ایل کے افسران کی ایک ٹیم اور دیگر متعلقہ افسران میٹنگ میں موجود تھے ۔ ویب پورٹل www.jkgrievance.nic.in ہیلپ لائین نمبرات اور دیگر سوشل میڈیا ذرایع سے موصول شدہ شکایات پر میٹنگ میں مفصل طور غور و خوض ہوا ۔ ازالہ شدہ اور التوا میں پڑی تمام شکایات پر بحث ہوئی اور شکایات کے ازالے اور معیار کا بھی تجزیہ کیا گیا ۔ دورانِ میٹنگ بی ایس این ایل کی مواصلاتی خدمات سے متعلق معاملات بشمول سُست رفتار براڈ بینڈ سہولیت ، فون کال کا بار بار کٹ جانا ، سرحدی علاقوں میں مواصلاتی سہولیات کی عدم دستیابی ، کرگل لہیہ میں مواصلاتی مسائل ، بی ایس این ایل ملازمین کا عدم تعاون ، ہاوسنگ کالونی صنعت نگر اور حاجن بی ایس این ایل ایکسچینج سے متعلق معاملات پر بھی غور ہوا ۔ بی ایس این ایل کے کمیونی کیشن افسر نے تمام عوامی مسائل ایک ہفتے کے اندر حل کرنے کا یقین دلایا ۔ وزیر اعلیٰ کی شکائتی سیل نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آگے آ کر سیل کی جانب سے فراہم کئے گئے مختلف ذرایع سے اپنی شکائتیں درج کریں جن میں ہیلپ لائین نمبرات 0194-2502593,0194-2502594,0194-2502596 ، www.jkgrievance.nic.in, ، Facebook.com /jandkgrievance اور Twitter.com /jkgrievance شامل ہیں ۔