عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//رڈر سکیورٹی فورس کے سینئر افسر اشوک یادو نے بدھ کو بتایا کہ پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر سے دراندازی کی تمام کوششیں ناکام بنائی گئی ہیں کیونکہ لائن آف کنٹرول پر سیکورٹی فورسز کی چوکسی اور جدید نگرانی کے آلات کے استعمال سے کسی بھی ملی ٹنٹ کو داخل ہونے کا موقع نہیں ملا۔آئی جی بی ایس ایف کشمیر فرنٹیئر اشوک یادو نے کہا کہ انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق لانچنگ پیڈ پر ملی ٹینٹاب بھی موجود ہیں، لیکن فورسز کی مستعدی کے باعث وہ کوئی بڑی کارروائی انجام نہیں دے پا رہے ہیں۔اشوک یادو نے بھی کہا کہ ایسی انٹیلی جنس معلومات ہیں کہ ملی ٹینٹ ایل او سی کے دوسری طرف لانچ پیڈ پر انتظار کر رہے ہیں۔آپریشن سندھور کے بعد ایل او سی کے ساتھ کی صورت حال کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں، یادو نے نامہ نگاروں کو بتایا،کہ ’’جس طرح بی ایس ایف اور فوج نے چوکسی اور جدید نگرانی کے آلات کے استعمال کے ذریعے ایل او سی پر غلبہ حاصل کیا ہے، اس نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ دراندازی کی کوششیں کامیاب نہیں ہوئیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ موسم سرما میں تقریباً دو ماہ باقی ہیں، وہ (ملی ٹنٹ) ممکنہ طور پر کوششیں جاری رکھیں گے لیکن ہمارے علاقے کے تسلط کی وجہ سے ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کسی بھی کوشش کا سراغ لگایا جائے اور اسے بے اثر کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ لانچنگ پیڈز پر موجود تمام ملی ٹنٹ غیر ملکی ہیں۔ یادو نے کہا کہ اس طرح کی پیش رفت کا تمام انٹیلی جنس ایجنسیوں کی طرف سے باریک بینی سے تجزیہ کیا جاتا ہے۔ اس تجزیہ کی بنیاد پر، ہم تمام سیکورٹی فورسز کے ساتھ مل کر اپنی آپریشنل منصوبہ بندی کرتے ہیں۔ یہ ہمارے علم میں ہے اور ہم اس پر جوابی اقدامات کر رہے ہیں۔